عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/اقتصادی جرائم ونگ (EOW) کشمیر نے جمعرات کو 2.5 کروڑ روپے مالیت کے مبینہ شال فراڈ کیس میں چار ملزمان کے خلاف چارج شیٹ عدالت میں پیش کر دی ہے۔ ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک تاجر کو منافع بخش واپسی کا لالچ دے کر شالیں حاصل کیں لیکن ان کی ادائیگی نہیں کی۔میڈیا کے نام جاری ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ کرائم برانچ جموں و کشمیر کے اقتصادی جرائم ونگ (EOW) کشمیر نے ایف آئی آر نمبر 55/2022 کے تحت درج مقدمے میں، جو تعزیراتِ رنبیر (RPC) کی دفعات 420، 120-بی اور 201 کے تحت درج ہے، چار ملزمان کے خلاف عدالتِ سب جج سمال کازز، سری نگر میں چارج شیٹ پیش کی ہے۔
بیان کے مطابق ملزمان میں ارشد احمد شورہ عرف بلال ولد مرحوم عبدالرشید شورہ ساکن پکھری بل بوٹہ کدل، لالبازار سری نگر، فردوس احمد میر ولد عبدالرحمان میر ساکن آبکارپورہ رعناواری، حال مقیم مدینہ کالونی، آر پی اسکول کے نزدیک مالباغ سری نگر، فردوس احمد بٹ ولد محمد افضل بٹ ساکن آمدہ کدل، لالبازار سری نگر، اور آفتاب احمد شاہ ولد پرویز احمد شاہ ساکن خواجہ بازار، نوہٹہ سری نگر شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ تحقیقات ایک شکایت کی بنیاد پر شروع کی گئی تھیں، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ ارشد احمد شورہ عرف بلال کی قیادت میں ملزمان نے شکایت کنندہ کو منافع بخش واپسی کا یقین دلا کر 2.5 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی شالیں فراہم کرنے پر آمادہ کیا، تاہم بعد میں ادائیگی نہیں کی گئی۔
تحقیقات کے دوران تقریباً 68 لاکھ روپے مالیت کی 338 شالیں برآمد کرکے عدالت کی ہدایت پر شکایت کنندہ کے حوالے کی گئیں۔ ترجمان کے مطابق تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں اور چارج شیٹ عدالت میں جمع کرا دی گئی ہے۔
ای او ڈبلیو نے 2.5کروڑ روپے فراڈ کیس میں چار ملزمان کے خلاف چارج شیٹ پیش کر دی