راجوری +پونچھ//پورے ملک کی طرح جموں کشمیر کے دیگر حصوں کیساتھ ساتھ سرحدی ضلع راجوری او ر پونچھ میں بھی یوم آئین کی تقریبات منعقد کی گئی جن کے دوران حاضری نے حلف بھی لیا ۔راجوری میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے کئی مقامات پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔سیول انتظامیہ کیساتھ ساتھ پولیس سٹیشنوں و پولیس لائن میں بھی پروگرام منعقد کیا گیا ۔آزادی کا امرت مہااتسوکے سلسلہ میں 26 نومبر 2021 کو گورنمنٹ ڈگری کالج نوشہرہ میں یوم آئین منایا گیا ۔’ہندوستانی آئین کا جائزہ ‘کے عنوان سے آن لائن سمپوزیم کا آغاز کالج کے احاطے میں فیکلٹی ممبران اور طلباء کی طرف سے حلف لینے کی تقریب کے بعد منعقد ہوا۔ڈگری کالج کے پرنسپل کی قیادت میں کالج کے شعبہ سیاسیات کے اشتراک سے منعقدہ آن لان سمپوزیم میں بڑی تعداد میں اراکین نے شر کت کی ۔اپنے خصوصی خطاب میں ڈگری کالج کے پرنسپل نے یوم آئین پر خصوصی روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ہندوستانی آئین سبھی مذہبوں اور قوموں کے لوگوں کو یکسانیت دیتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ آئین کی وجہ سے ہی ملک جمہور ی ملکوں میں شامل ہوا ۔اس موقعہ پر کالج منتظمین کیساتھ ساتھ طلباء بھی موجود تھے ۔سرحدی ضلع پونچھ میں بھی یوم آئین منایا گیا۔ اس دوران آئین ہند کی تمہید کو پڑھاگیا اور حاضرین کو آئین کا حلف دلایاگیا۔ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی پونچھ نے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس پونچھ میں 72 ویں یوم آئین پر ایک تقریب کا انعقاد کیا جس کی صدارت اشوک کمار شاون چیئرمین ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی پونچھ نے کی اس موقع پر ضلع لیگل سروس اتھارٹی پونچھ کے سیکرٹری وجاہت حسین کاظمی کے علاوہ تقریباً 105 افراد نے شرکت کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں اشوک کمار شاون نے یوم دستور کی اہمیت، موجودہ جمہوری نظام پر روشنی ڈالی۔ تحصیل لیگل سروس اتھارٹی کے چیئرمین مدن لال اور وجاہت حسین کاظمی نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لوگوں کو آئین کی اہمیت سے آگاہ کیا اور آئین میں موجود آرٹیکلز اور دیگر دفعات پر روشنی ڈالی۔اس موقعہ پر سپیشل موبائل مجسٹریٹ سرفراز نواز، بار ایسوسی ایشن پونچھ کے صدر معروف خان، نائب صدر عبدالمجید خان ، پینل کے وکلاء اور دیگر عملہ بھی موجود تھا۔اسی سلسلہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کے دفتر کے کانفرنس ہال میں بھی ایک تقریب منعقد کی گئی جہاں آئین کو برقرار رکھنے کیلئے حلف برداری کی تقریب کا انعقاد کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر اندر جیت نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئین ہند کی تمہید کو پڑھا اور اپنی تقریر میں آئین ہند کی معماروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں آئین کی روح سے جڑنے اور بطور شہری اپنے حقوق اور فرائض کو سمجھنے کی تحریک دیتا ہے۔ اسی طرح کی تقریبابات ضلع بھر کے تمام سرکاری دفاتر میں بھی منعقد کی گئی جہاں تمام محکموں کے سربراہان نے کہا کہ آئین ہند عمدہ حکمرانی کا ایک مضبوط ستون ہے۔ انہوں نے آئین میں مذکور بنیادی حقوق اور ذمہ داریوں کا بھی ذکر کیا۔اسی طرح سرنکوٹ میں یوم آئین کی مناسبت سے ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران تحصیل لیگل سروس کمیٹی سرنکوٹ و سب جج کی صدرات میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں عدالیہ کے ملازمین و وکلاء نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس دوران مقررین نے ملکی آئین اور جمہوری اداروں پر اپنی توجہ مرکوز کرتے ہوئے کہاکہ آئین بولنے کیساتھ ساتھ مذہبی آزادی دیتا ہے ۔جے کے اے پی کی 6ویں بٹالین کی جانب سے مینڈھر کے بھیرہ ،ہرنی و دیگر علاقوں میں پروگرام منعقد کئے گئے جن کے دوران حلف لینے کیساتھ ساتھ قانون کی پاسدار اور اس کی حفاظت کو اولین ترجیحات کہا گیا ۔اس سلسلہ میں منعقدہ پروگراموں میں ایس ایس پی سورم سنگھ اور ڈی ایس پی مقبول حسین گورسی نے شرکت کی ۔