کنگن//دو روز تک جاری رہنے والی سالانہ ہرمکھ گنگہ بل یاترا سوموار سے شروع ہوگئی ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کرتیکا جوتشنا، ایس ایس پی گاندربل سہیل منور میر نے ناراناگ سے ہرمکھ یاترا کو ہری جھنڈی دکھا کر گنگہ بل کی طرف روانہ کیا ۔ ضلع انتظامیہ نے یاتریوں کی حفاظت کے لئے سکیورٹی کے معقول انتظامات کئے ہیں جبکہ کھانے پینے ،رہائشی اور طبی سہولیات کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ 22 کشمیری پنڈت ، جو ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہیں،نے پہلے ناراناگ میں پوجا پاٹ کی جس کے بعد وہ سوموار کو 36کلو میٹر پیدل راستہ طے کرنے کیلئے گنگہ بل روانہ ہوئے ۔ ہر مکھ گنگہ بل ٹرسٹ اور آل پارٹیز مائیگرنٹس رابطہ کمیٹی کے بینر تلے منعقد ہونے والی یاترا 15ستمبر کو اختتام پذیر ہوگی۔ امسال کورونا وائرس کی وجہ سے یاترا میں صرف 22 افراد شامل ہوئے ہیں۔ گذشتہ برس کورونا وائرس کی وجہ سے گنگہ بل یاترا کو منسوخ کیا گیا تھا ۔