سرنکوٹ//سرنکوٹ میں اراضی تنازعے کے معاملے پر ایک دل دہلادینے والے واقعہ میں بھتیجے نے چچا کا قتل کردیا۔صدر مقام سرنکوٹ سے12 کلو میٹر دورگاؤں ہاڑی مرہوٹ کے محلہ ننڈیالی میں دو بھائیوں کے درمیان اراضی کے معاملے پر کافی عرصہ سے جھگڑا چل رہاتھااوراسی معاملے پر فریقین میں آپسی بول چال ہوگئی ۔یہ جھگڑا باغ حسین اور محمد اکبر ولد نور محمد کے درمیان چل رہاتھا جس دوران باغ حسین کے لڑکے نثار احمد نے حملہ آور ہوکر اپنے چچا کابے رحمی سے قتل کردیا ۔قتل کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی پی او اصغر علی ملک نے لاش کو سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ لایا جہاں اس کا پوسٹ مارٹم کیاگیا اور پھر لاش آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے سپرد کردی گئی ۔اس سلسلے میں پولیس نے سرنکوٹ تھانے میں ایف آئی آر زیر نمبر114 زیر دفعات 336 ،147، 148، 149،302 معاملہ درج کر کے تین لوگوں کو پولیس نے گرفتار کرلیاہے جن کی شناخت پچیس سالہ نثار احمد ولد باغ حسین،نجمہ کوثرزوجہ عاشق حسین اورزائدہ بی زوجہ باغ حسین کے طور پر ہوئی ہے ۔اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہے ۔