منجاکوٹ //منجاکوٹ سے گھمبیر مغلاں سڑک کی خستہ حالت کو دیکھتے ہوئے حکومت اور محکمہ تعمیرات عامہ کے دعوئوں کی قلعی کھل جاتی ہے ۔سڑک کی حالت بدسے بدتر ہوتی جارہی ہے جس پر مقامی لوگوں میں محکمہ کے خلاف سخت غصہ پایا جارہا ہے۔ یہ سڑک گھمیر مغلاں سے ہوتی ہوئی بہروٹ گلی اور سائیں ولی داد کی درگاہ کو ملاتی ہے لیکن پھر بھی محکمہ اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہا۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ گزشتہ دنوں میں گھمیر مغلاں سڑک پر کچھ کلومیٹر تک کھڈوں میں مٹی سے مرمت کی گئی لیکن اس کے بعد کام ٹھپ ہی ہو گیا۔ان کاکہناہے کہ اسکولی بچوں کو خاص طور پر بہت بڑی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہاکہ کئی کلو میٹر سفر پیدل طے کرناپڑتاہے اور ڈرائیور اس روٹ پر چلنا گوارہ ہی نہیں کرتے کیونکہ ان کی گاڑیوں کو نقصان پہنچتاہے ۔ ظہیر مغل نامی ایک شخص کاکہناہے کہ سڑک کی حالت اتنی خراب ہے کہ اس پر چلنے والے لوگ کمر درد اور دیگر طرح کی بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ محکمہ اس سڑک کی مرمت کرے نہیں تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیںگے ۔