انتظامیہ متحرک،تیاریاں مکمل ،پدیاترا میںلوگوں کی بھاری شرکت متوقع
محتشم احتشام
پونچھ// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر آج ضلع پونچھ کا دورہ کر رہے ہیں جہاں وہ ’نشہ مکت بھارت ابھیان ‘کی 100روزہ مہم کے سلسلے میں منعقد ہونے والی ایک عظیم الشان پدیاترہ میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ ان کی آمد کے پیش نظر پورے ضلع میں انتظامی سرگرمیوں میں غیر معمولی تیزی دیکھنے کو مل رہی ہے اور مختلف محکمے دن رات تیاریوں میں مصروف ہیں۔ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ، پولیس، محکمہ صحت، تعلیم، یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس اور دیگر متعلقہ اداروں نے پروگرام کے کامیاب انعقاد کے لیے جامع انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
پدیاترہ کا مقصد نوجوان نسل کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور معاشرے کو نشہ سے پاک بنانے کے قومی عزم کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر ضلع بھر سے طلبہ، نوجوانوں، سماجی کارکنان، سرکاری ملازمین اور مختلف تنظیموں کے نمائندگان کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔لیفٹیننٹ گورنر کے دورے نے جہاں انتظامیہ کو مکمل طور پر متحرک کر دیا ہے وہیں عوامی حلقوں میں یہ امید بھی پیدا ہوئی ہے کہ ضلع کے اہم عوامی اور ترقیاتی مسائل پر اعلیٰ سطح پر توجہ دی جائے گی۔ سرکاری دفاتر میں غیر معمولی سرگرمی دیکھی جا رہی ہے جبکہ مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے اور عوامی سہولیات کو بہتر بنانے کے اقدامات میں بھی تیزی آئی ہے۔خصوصاً تحصیل منڈی کے عوام اس دورے کو بڑی اہمیت دے رہے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر لیفٹیننٹ گورنر بڈھا امرناتھ یاترا روٹ یا منڈی کے دیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہیں تو طویل عرصے سے خستہ حال پونچھ۔منڈی سڑک کی حالت زار بھی حکام کی توجہ حاصل کر سکتی ہے۔ یہ شاہراہ روزانہ ہزاروں افراد کے استعمال میں آتی ہے اور اس کی مرمت و اپ گریڈیشن عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے۔سماجی اور عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ نشہ مکت بھارت ابھیان کے پیغام کے ساتھ ساتھ لیفٹیننٹ گورنر کا یہ دورہ ضلع پونچھ کے ترقیاتی سفر میں بھی ایک مثبت سنگِ میل ثابت ہوگا اور عوامی مسائل کے حل، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور انتظامی کارکردگی میں مزید بہتری کی راہ ہموار کرے گا۔