عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی //ہندوؤں کے مقدس مقام ماتا ویشنو دیوی یاترا میں ہفتہ کے روز عقیدت مندوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا، جس کے بعد انتظامیہ نے زائرین کی سلامتی اور بہتر انتظام کو یقینی بنانے کے لئے احتیاطی اقدامات نافذ کیے۔ مسلسل بڑھتی ہوئی بھیڑ کو مدنظر رکھتے ہوئے آر ایف آئی ڈی رجسٹریشن کاؤنٹر مقررہ وقت سے تقریباً دو گھنٹے قبل ہی بند کر دیے گئے۔ذرائع کے مطابق یاتریوں کی تعداد میں اچانک اضافہ ہونے کے باعث کٹرا میں صورتحال انتہائی مصروف رہی۔
شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مسلسل اعلانات کیے جاتے رہے تاکہ عقیدت مندوں کو تازہ صورتحال سے آگاہ رکھا جا سکے اور انہیں محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے کی ہدایت دی جا سکے۔حکام نے بتایا کہ آر ایف آئی ڈی رجسٹریشن کا عمل اتوار کی صبح چار بجے دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ یاتریوں کی حفاظت اور بھیڑ کو منظم انداز میں کنٹرول کرنے کے مقصد سے لیا گیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔پولیس کی خصوصی ٹیمیں کٹرا اور یاترا کے دیگر اہم مقامات پر مسلسل گشت کر رہی ہیں۔ پولیس اہلکار عقیدت مندوں کو ہدایات پر عمل کرنے، نظم و ضبط برقرار رکھنے اور مقررہ راستوں پر چلنے کی تلقین کر رہے ہیں تاکہ یاترا کا عمل پرامن اور محفوظ انداز میں جاری رہ سکے۔انتظامیہ کے مطابق موجودہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔ حکام نے یاتریوں سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر مکمل عمل کریں تاکہ تمام عقیدت مند بحفاظت اپنے مذہبی فرائض انجام دے سکیں۔دوسری جانب بڑی تعداد میں عقیدت مندوں کی آمد کے باعث کٹرا بازار اور اطراف کے علاقوں میں بھی غیر معمولی گہما گہمی دیکھی گئی۔ مقامی انتظامیہ نے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور عوامی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے اضافی عملہ بھی تعینات کر دیا ہے۔