گنڈبل واقعہ دلخراش سانحہ کشمیر میں سیاسی لیڈروں نے سرگرمیاں معطل رکھیں

 یو این آئی

سرینگر// گنڈبل بٹوارہ میں دریائے جہلم میں کشتی الٹنے کے سانحہ کی تعظیم میں وادی کشمیر میں منگل کے روز مختلف سیاسی لیڈروں نے سیاسی سرگرمیوں کو منسوخ کر دیا۔نیشنل کانفرنس لیڈر اور سرینگر لوک سبھا نشست کے امید وار آغا روح اللہ نے دو دنوں تک الیکشن مہم معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا’’آج کا دن ہم سب اور بٹہ وارہ کے سوگوار خاندانوں کیلئے ایک انتہائی المناک دن ہے، میں آج اور کل کے تمام انتخابی پروگرام منسوخ کرتا ہوں‘‘۔ اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے کہا کہ آج پارٹی کی طرف سے کشمیر میں کہیں بھی کوئی سیاسی سرگرمی نہیں ہوگی۔پارٹی ترجمان نے کہا کہ سرینگر میں کشتی الٹنے کے سانحہ کے پیش نظر پارٹی منگل کے روز تمام سیاسی سرگرمیوں کو منسوخ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب اس سانحہ پر ماتم کناں ہیں۔اپنی پارٹی کے سینئر لیڈر جنید عظیم متو نے بھی اس سانحہ کے پیش نظر اپنی تمام سر گرمیوں کو معطل رکھتے ہوئے دکھ کا اظہار کیا۔ پیپلز کانفرنس کے چیئر مین سجاد لون نے پارٹی لیڈروں اور کارکنوں سے انتخابی پروگرام معطل کرنے کو کہا۔انہوں نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا’’کشتی الٹنے سے متاثر ہونیو الے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی طور پر میں پارٹی کے لیڈروں اور کارکنوں کو ہدایت دیتا ہوں کہ وہ انتخابات سے متعلق تمام سرگرمیوں کو معطل رکھیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی و ہمدردی کرتے ہیں۔

 

سیاسی رہنمائوں کا اظہار افسوس
ڈاکٹر فاروق،عمر، محبوبہ مفتی، بخاری ،قرہ ،سجاداورتاریگامی کی تعزیت
عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ ،نائب صدر عمر عبداللہ،پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی، اپنی پارٹی سربراہ الطاف بخاری ، پیپلز کانفرنس صدر سجاد لون ، سینئر کانگریس لیڈر سیف الدین سوزاور سی پی آئی ایم لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے گنڈبل میں کشتی اُلٹ جانے کے نتیجے میں متعدد قیمتی جانوں کے اتلاف پر زبردست رنج و الم کا اظہار کیا ہے اور اس دلخراش اور دلدوز واقعہ میں لقمہ اجل بنے افراد کے لواحقین اور پسماندگان کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومین کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کی تحقیقات کی جانی چاہئے کہ مذکورہ جگہ پر زیر تعمیر فٹ برج اتنے برسوں سے مکمل کیوں نہیں ہوپایا ہے ؟ ۔

 

پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے ایکس پر ایک پوسٹ میںکہاکہ المناک حادثے کے بارے میں سن کر صدمہ ہوا جہاں ایک کشتی الٹ گئی۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ایڈیشنل ترجمان اور یوتھ جنرل سکریٹری ذہیب یوسف میر نے المناک حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ جدید طرز کے ضروری آلات کے ساتھ این ڈی آر ایف ٹیموں کی تعداد میں مزید اضافہ کرائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے نقصانات کوکم کیا جاسکے۔ پی ڈی پی لیڈر نے گزشتہ چھ سالوں سے علاقے میں دریائے جہلم پر اس جگہ بھی پل کا کام مکمل نہ کرنے پر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اپنی پارٹی صدر الطاف بخاری نے کہا کہ کشتی الٹنے سے قیمتی جانوں کا زیاں دل دہلا دینے والا ہے۔بخاری نے کہاکہ کئی افراد کو لے جانے والی کشتی کے المناک الٹنے کی خبر سن کر بہت افسوس ہوا۔پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہوئے اس المناک خبر پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ میں متعدد کم سن بچوں کے نقصان پر ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا”یہ بہت پریشان کن خبر ہے، اپنی جانوں سے ہاتھ دھونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں، جس سے کئی نابالغ اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، اس ناقابل تصور مشکل وقت میں میری دعائیں والدین کے ساتھ ہیں‘‘۔کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ کے یوسف تاریگامی نے بٹہ وارہ میں کشتی غرقاب ہونے کے سانحے میں ہوئی اموات پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے انتظامیہ پرزوردیا کہ بچائو کارروائیوں کو تیزکیاجائے۔ادھرکانگریس ورکنگ کمیٹی رکن طارق حمید قرہ نے المناک واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ قرہ کے متوفی اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ “بدقسمتی کے واقعے نے حفاظتی اقدامات کے بارے میں متعلقہ سوالات کو جنم دیا ہے‘‘۔قرہ نے جوابدہی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دریائوں پر ان مقامات کی نگرانی کرنے والے اہلکاروں کی عدم موجودگی ہے جو مقامی لوگ دوسری طرف جانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔