سونہ مرگ حادثہ|| خاتون سیاح کی لاش بر آمد مہلوکین کی تعداد5ہوگئی، ایک کی تلاش جاری

 غلام نبی رینہ

گاندربل// گگن گیر سونمرگ میں اتوار کی سہ پہر کنگن جاری ایک تویرا گاڑی زیررجسٹریشن نمبر JK13B-8950 ،جس میں کم از کم9 افراد سوار تھے، نالہ سندھ میں گرنے کے بعد لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن پیر کو دوسرے دن بھی جاری رہا۔ تھانہ گنڈ کی پولیس ٹیم نے ایس ایچ او لطیف علی کی سربراہی میں ایس ڈی آر ایف اور دیگر محکموں کی ٹیموں کے ساتھ خراب موسم کے درمیان ریسکیو آپریشن جاری رکھا۔پیر کی صبح لاپتہ دو سیاحوں میں سے مزید ایک کی لاش برآمد ہوئی ، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 5 ہو گئی ہے جبکہ ایک شخص تاحال لاپتہ ہے۔ اتوار کو تین افراد کو بچا لیا گیا، ان میں سے دو زخمی حالت میں طبی علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیئے گئے۔ایس ایچ او تھانہ گنڈ، لطیف علی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تلاش اور بچا ئوآپریشن پیر کو دوبارہ شروع ہوا اور تلاش کے دوران پانی سے ایک اور لاش نکالی گئی ۔انہوں نے کہا کہ ایک اور شخص لاپتہ ہے جس کی تلاش جاری ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ مسلسل بارش اور خراب موسم تلاشی آپریشن میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔گاندربل پولیس نے کہا کہ تویرا گاڑی محمد سلیم میر ولد عبدالر رشید میر ساکن اکہال کنگن چلا رہے تھے، جس میں غیر مقامی سیاح، مزدور اور ایک مقامی مسافر سونمرگ سے کنگن کی طرف جاتے ہوئے گگن گیر (ہنگ اسٹریچ)کے مقام پر سڑک سے پھسل کر نالہ سندھ میں جا گرے۔ ڈرائیور سمیت 4 مسافروں کو بچا لیا گیا، دو زخمی حالت میں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیے گئے۔ مزید برآں، موقع سے 4لاشیں نکال لی گئیں، جب کہ دو غیر مقامی لیڈی ٹورسٹ لاپتہ تھے۔مہلوکین میں3خواتین اور 2مردوں کی لاشیں ابھی تک بر آمد کی جاچکی ہیں ، تاہم ان میں سے صرف ایک خاتون صرفہ پروین زوجہ سمیر احمد ساکن بریلی یوپی (سیاح) کی شناخت ہوسکی ہے۔دیگر لاشوں کی شناخت ہونا باقی ہے۔ایک عدم شناخت خاتون (جنوبی ہندوستان سے سیاح) لاپتہ ہے۔نیما پاسنگ شارپا ولدبالے شارپا ساکن نیموہ لیہہ، اصل میں کھٹمنڈو نیپال (مزدور)، اورسمیر احمد ولدصغیر احمد ساکن بریلی یوپی (سیاح(سکمز صورہ میں زیر علاج ہیں۔ محمد سلیم میر ولد عبدالر رشید میر ساکن اکھل کنگن اورفیاض احمد گنائی ولدغلام محمد گنائی ساکن شٹکڑی سونمرگ(مقامی فوٹوگرافر) بچ گئے ہیں۔اس سلسلے میںکیس ایف آئی آر نمبر 14/2024، درج کیا گیاہے۔