جموں/ وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ حکومت گجر بکروال ہوسٹلوں کو ماڈ ل رہائشی سکولوں میں تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ قبائلی نوجوانوںکو معیاری تعلیم سے روشناس کرایا جاسکے۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار یہاں ایک میٹنگ کے دوران کیا جس میں قبائلی طبقے کے طلاب کو دی جانے والی تعلیمی اور بنیاد ی ڈھانچے کی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔اس موقعہ پر وزیر نے کہاکہ پہلے مرحلے میں 6اضلاع کو ہاتھ میں لیا جائے گا جہاں کے گجر بکروال ہوسٹلوں کو مثالی رہائشی سکولوں کے طور پر ترقی دی جائے گی۔انہوںنے کہاکہ حکومت گجر بکروال طبقے کے طلاب کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔اس موقعہ خوراک ، شہری رسدات اور قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ قبائلی امور محکمہ ان سکولوں میں مناسب بنیادی ڈھانچہ فراہم کرے گا جبکہ محکمہ تعلیم عملہ اور دیگر انتظامی سہولیات دستیاب کرائے گا۔وزیر نے قبائلی طبقے کے طلاب کو سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں داخلے کے وقت ہی وظائف دینے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقعہ پر سیکرٹری گجر اینڈ بکروال ایڈوائزری بورڈ گلزار احمد کھٹانہ ، سیکرٹری تعلیم فاروق احمد شاہ اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔