یواین آئی
بیجنگ// چین نے کینیڈا کی جانب سے چینی سفارتکار کو ملک بدر کیے جانے کے ردعمل میں شنگھائی میں تعینات کینیڈین سفارتکار جینیفر لالونڈے کو ملک بدرکرنے کا اعلان کردیا۔ بیجنگ کی وزارت خارجہ نے آن لائن شائع ہونے والے ایک انگریزی بیان میں کینیڈا کی سفارتکار جینیفر لالونڈے کو ‘ناپسندیدہ شخصیت’ قرار دے کر کہا کہ چین مزید ردعمل کا حق محفوظ رکھتا ہے ۔وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شنگھائی میں تعینات کینیڈین سفارتکار جینیفر لین لالونڈے کو 13 مئی تک چین چھوڑنے کو کہا گیا ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ چین اس بات (کینیڈا سے چینی سفارتکار کی ملک بدری) کی سختی سے مذمت اور مخالفت کرتا ہے اور کینیڈا سے شدید احتجاج کرتا ہے ۔بیان میں مزید کہا گیا کہ کینیڈا کے غیر اخلاقی اقدام کے ردعمل میں جوابی اقدام کے طور پر، چین نے شنگھائی میں کینیڈا کے قونصلیٹ جنرل کی قونصل جینیفر لالونڈے کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔قبل ازیں کینیڈا نے کہا تھا کہ وہ ایک چینی سفارت کار کو ملک بدر کر دے گا، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے بیجنگ پر تنقید کرنے والے ایک کینیڈین قانون ساز کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی تھی۔