سرینگر //سرینگر بارہمولہ اوڑی120کلو میٹر شاہراہ کو چار گلیاری بنانے کا منصوبہ کھٹائی میں پڑا ہوا ہے اور ابھی تک اس شاہراہ پر کام شروع نہیں کیا جا سکا ہے ۔ جموں سے اوڑی تک حکام کو چار گلیاری سڑک تعمیر کرنی تھی لیکن بدقسمتی کی بات یہ ہے اس شاہراہ کو تعمیر کرنے کے حوالے سے کوئی ٹھو س پالیسی اقدامات نہیں کئے گئے۔ شاہراہ کو چار گلیاری بنانے کے حوالے سے محکمہ بیکن نے 2012-13میں فز یبلٹی رپورٹ تیار کی اور ڈی پی آر بھی تیار مکمل کر کے اُس پر کام شروع کیا ۔ تاہم 8برسوں میں120کلو میٹر میں سے صرف 7کلو میٹر سڑک کو ہی چار گلیاری بنانے میں محکمہ بیکن کامیاب ہوا اور وہ بھی نارہ بل کراسنگ تک۔ 113کلو میٹر سڑک ابھی بھی تعمیر کی منتظر ہے ۔سڑک پر کام نہ ہونے کے نتیجے میں یہ شاہراہ ااکثر وبیشتر ٹریفک جام کا موجب بن جاتی ہے اور لوگوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا رہتا ہے ۔نارہ بل کراسنگ سے بارہمولہ تک سڑک جگہ جگہ تباہی کی صورتحال پیش کررہی ہے۔ سال2021کی سروے کے مطابق اس وقت صرف تین اضلاع بارہمولہ ، کپوارہ ، اور بانڈی پورہ میں چھوٹی بڑی گاڑیوں کی کل تعداد 1,02,733لاکھ ہے۔ اُن میں بارہمولہ میں 70,721کپوارہ میں 19,995اور بانڈی پورہ میں 12,017گاڑیاں شامل ہیں جو کم و بیش روزانہ اس سڑک پر دوڑتی نظر آتی ہیں۔ اُس کے علاوہ سرینگر اور دیگر اضلاع سے بھی ہر روز سینکڑوں گاڑیاں اس شاہراہ پر روز چلتی نظر آتی ہیں۔محکمہ بیکن نے یا تو اس شاہراہ کو فور لین بنانے کا منصوبہ ترک کردیا ہے یا پھر اپنے ہاتھ کھڑا کر کے منصوبے کو کسی دوسری ایجنسی کے سپرد کی ہے۔ سڑ ک کو چار گلیاری بنانے کا منصوبہ کہیں نظر نہیں آرہا ہے ۔کئی ایک ٹرانسپورٹروں کا کہنا ہے کہ سڑک پر مختلف مقامات پر گہرے کھڈے پیدا ہوئے ہیں اور ان 8برسوں میں صرف شالہ ٹینگ سے ناربل کراسنگ تک 7کلو میٹر سڑک کو ہی فور لائن بنایا گیا اور باقی سڑک کو کشادہ کرنے میں حکام مکمل طور ناکام ہوئے ۔ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ پارمپورہ سے قمرواری سڑک کا کام محکمہ آر اینڈ بی کے زمہ ہے مگر اس کو بھی چار گلیاری بنانے میں سست رفتاری سے کام لیا جا رہا ہے ۔بیکن حکام کا کہنا ہے کہ سڑک کے مختلف حصوں پر زمین کے حصول ،معاوضہ اور مذہبی ڈھانچوں کو اکھاڑنے میں دقتیں پیش آرہی تھیں تاہم اس میں سے کچھ ایک ڈھانچوں کو ہٹا دیا گیا ہے اور جلد اس پر کام شروع کیا جائے گا ۔انتظامیہ کے ایک اعلیٰ افسر نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کو چار گلیاری بنانے کیلئے تمام لوازمات مکمل کر دئے گئے ہیں اور اس کیلئے سیکٹر افسر بھی تعینات کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سڑک کو کشادہ کرنے کے حوالے سے محکمہ بیکن کو پیسہ واگذار کیا گیا ہے اور بہت جلد اس پرکام شروع کیا جائے گا۔