عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نییہاں سول سیکرٹریٹ میں مشن یووا کے تحت 6 مستفیدین کو مجموعی طور پر 1.12 کروڑ روپے مالیت کے تقسیم نامے حوالے کئے۔مشن یووا کے تحت اپریل اور مئی کے دوران 3,367 معاملات میں 209 کروڑ روپے جاری کئے گئے جو نوجوانوں میں کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔تقریب کے دوران بتایا گیا کہ منظور شدہ 5,016 معاملات جن کی مجموعی مالیت 269 کروڑ روپے ہے، میں سے یکم؍ اپریل سے 31 ؍مئی تک 3,367 معاملات کے لئے 209 کروڑ روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے مستفیدین کو مُبار ک باد پیش کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ یہ مالی اِمداد انہیںدیرپا کاروباری منصوبوں کے قیام اور وسعت دینے میں مدد دے گی،اِس طرح روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور خطے کی اِقتصادی ترقی میں اِضافہ ہوگا۔اُنہوں نے مشن یووا کے وسیع تر ویژن پربات کرتے ہوئے کہا کہ یہ اَقدام جموں و کشمیر میں نوجوانوں کی کاروباری صلاحیتوں کے لئے ایک مضبوط ماحول تشکیل دینے کی جانب ایک اِنقلابی قدم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے کہ نوجوان صرف ملازمت کے متلاشی نہ رہیں بلکہ روزگار فراہم کرنے والے بنیں جو اِختراع اور اقتصادی ترقی کو آگے بڑھائیں۔وزیراعلیٰ نے اِس بات پر زور دیا کہ مشن یووا کو منظم ہینڈ ہولڈنگ، کریڈٹ تک رسائی، سکل ڈیولپمنٹ اور خواہشمند کاروباری اَفراد کو رہنمائی کی مدد فراہم کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔اُنہوںنے کہا کہ اِس پروگرام کا مقصد اِدارہ جاتی مالیات تک رَسائی کو آسان بنا کر اور بینکوں، سرکاری محکموں اور تربیتی اِداروں کے درمیان ہم آہنگی کو بہتر بنا کر نظریات اور عمل کے درمیان فرق کو ختم کرنا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ مشن یووا کے ذریعے نوجوانوں کو بااِختیار بنانے پر مسلسل توجہ جموں و کشمیر کی نوجوان آبادی کی بے پناہ صلاحیتوں کو بالخصوص خدمات، زراعت پر مبنی کاروباری اِداروں، سیاحت اور چھوٹے پیمانے پر مینوفیکچرنگ جیسے شعبوں میںاُجاگر کرنے میں مدد دے گی۔وزیر اعلیٰ نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ جامع اِقتصادی ترقی حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے اور مشن یووا جیسے اقدامات جموں و کشمیر میں طویل مدتی خود انحصاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔