کپوارہ+سوپور //ضلع انتظامیہ کپوارہ اوربلاک میڈیکل آفیسر سوپورنے تمام لوگوں کو کورونا مخالف معیاری ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ان اضلاع میں انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ماسک نہ لگانے اور سماجی دوری کا اہتمام نہ کرنے کی پاداش میں لوگوں پر جرمانہ عایدکیا جائے گا۔ضلع مجسٹریٹ کپوارہ نے اپنے ایک حکم میں کہا ہے کہ ضلع میں کورونا وائرس کی منتقلی کو مکمل طورروکنے کیلئے پہلے سے وضع قوائد و ضوابط پر عمل کرنا لازمی ہے، اسلئے تمام تحصیلداروں اور بلاک ڈیولپمنٹ افسران کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میںماسک نہ لگانے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ عائد کریں۔حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ پہلی مرتبہ ماسک نہ لگانے پر 500جبکہ دوسری مرتبہ ماسک نہ لگانے پر 1000روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ حکم میں کہا گیا ہے کہ جرمانہ سے موصول ہونے والی رقومات کو ڈسٹرکٹ ریڈ کراس سو سائٹی میں رسید کے عوض جمع کیا جائے گا۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور سب ڈویژنل مجسٹریٹ صورتحال پر نظر رکھیں گے اور سرکاری احکامات پر عمل آوری کو یقینی بنائیں گے جبکہ خلاف ورزی کرنے والے افراد کی فوٹوگراف آفیشل گروپ میں شیئر کئے جائیں گے۔ سوپور قصبہ میں بھی کورونا وائرس کی روکتھام کیلئے پہلے سے وضع قوائد و ضوابط پر عمل آوری کے احکامات صاد کئے گئے ہیں ۔ بلاک میڈیکل آفیسر سوپور نے اپنے ایک حکم میںکہا ہے کہ سوپور بلاک کے سرکاری اسپتالوں میں آنے والے تمام مریضوں کا کورونا ٹیسٹ(RAT) کرنا لازمی ہوگا۔ بلاک میڈیکل آفیسر نے اپنے حکم نامہ میں مزید لکھا ہے کہ کسی کو بھی بغیر ماسک اسپتال میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور اسپتال کے اندر سماجی دوری کا اہتمام کرنا لازمی ہوگا۔