شوپیان+کپواہ+کولگام//شوپیاں اور کپوارہ میں ضلع ترقیاتی کمشنروں جبکہ کولگام میں ایڈیشنل ڈیولپمنٹ کمشنر نے اضلاع میں کورونا صورتحال اوررہنما خطوط پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں سچن کمار واشیائے نے کہاکہ وقت کا تقاضاہے کہ قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے حکومت اور ضلعی اِنتظامیہ کی جاری کردہ ہدایتوں پر سختی سے من و عن عمل کیا جائے ۔سچن کمار واشیا نے منی سیکرٹریٹ اَرہامہ شوپیان میں میڈیا اَفراد کو بریفنگ دینے کے دوران کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے بتایا کہ 31؍ مئی 2021ء کے بعد پابندیاں جاری رہیں گی یا نہیں ، چاہے لاک ڈائون ہو یا غیر مقفل ہو،ہمارے لئے کووِڈ ۔19 وَبائی بیماری کے پھیلائو پر قابو پانے کے لئے ماسک پہننا ، سماجی دوری برقراررکھنااور ہاتھو ں کو مناسب طریقے سے دھونا لازمی بن گیا ہے اور ان پرہمیں من و عن سختی عمل کرنا چاہیئے۔اُنہوں نے کہا ضلع شوپیان میں کووِڈ ۔19 مثبت معاملات میں نمایاںکمی واقع ہوئی ہے ۔کووِڈ کرفیو لاک ڈائون میں نرمی کی صورت میں،اگر حکومت اِجازت دے گی، لوگوں کو کووِڈ رہنما اصولوں اور ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا رہنا چاہیئے۔اُنہوں نے مزیدکہا کہ ضلع وبائی بیماری سے بچنے کے لئے ٹیکہ لگانے کے عمل میں کامیا ب رہاہے اور لوگ کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگانے کے لئے خود آگے آ رہے ہیںاور ضلعی اِنتظامیہ کو ہر لحاظ سے تعاون کر رہے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع میں نفاذ کرنے والی ٹیم ضلعی اِنتظامیہ کے ساتھ بڑے جو ش و جذبے اور لگن سے کام کر رہی ہے۔ڈی سی نے کہا کہ ضلع بھرمیں جانچ اور ٹیکہ کاری مہمات سے کووِڈ معاملات میں مجموعی طور پر کمی واقع ہوئی ہے تاہم ہر سطح پر کووِڈ۔19 مناسب طرزِ عمل پر سختی سے عمل کرتے ہوئے اِضافی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے کہاکہ بقیہ اہداف کی آبادی کو پورا کرنے کے لئے مختلف مقامات پر ٹیکہ کاری مراکز قائم کئے گئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شوپیان نے ضلع کی تمام پنچایتوں میں کووِڈ کیئر سینئر قا ئم کئے ہیں جس میں طبی اور نیم طبی عملے کو تعینات کیا گیا ہے۔ادھر ڈپٹی کمشنر کپواڑہ امام دین نے کل ضلع میں کوویڈ ویکسی نیشن کے عمل کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے متعلقہ افسران کا اجلاس طلب کیا۔جس میں بتایا گیا کہ ضلع کے 10 میڈیکل بلاکوں ( جس میں ہندواڑہ ، کالروچ ، کرالپورہ ، کپواڑہ ، لنگیٹ ، سوگام ،ٹنگڈار ،ترہگام ، ویلگام اور زچلدرا شامل ہیں،میں 45 سال سے اوپر کی عمر کے 205129 افرادکی ٹیکہ کاری کا ہدف ہے، جن میں سے 67793 افراد کوویڈ ویکسین کی پہلی خوراک سے ٹیکے لگا چکے ہیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلع میں 18 سے 45 سال عمر کے لوگوں کی تعداد 383502 ہے جنکی جلد ہی ٹیکہ کاری کا عمل شروع ہوگا۔اس موقع پر ڈی سی نے متعلقہ افراد پر زور دیا کہ وہ مقررہ مدت کے اندر آبادی کے تمام ٹارگٹ عمر گروپوں کی ٹیکہ کاری کویقینی بنانے کے لئے اپنی کوششیں تیز کریں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نمونے لینے میں ہونے والی پیشرفت سے متعلق اپنے آفس میں روزانہ کی رپورٹ پیش کریں۔نمونے لینے اور ویکسینیشن کے عمل کی کڑی نگرانی کو یقینی بنانے کے لئے ڈی سی نے بی ڈی اوز ، تحصیلداروں اور زیڈ ای اوز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے حفاظتی ٹیکوں کے مراکز کا باقاعدہ معائنہ یقینی بنائیں اور اس کی روزانہ رپورٹیں اپنے دفتر میں پیش کریں۔ادھر کولگام میں45 سال سے زائد عمر کے افراد کے لئے ویکسینیشن پلان پر عملدرآمد کے لئے ایڈیشنل ڈیولپمنٹ کمشنر (اے ڈی سی) کولگام ، شوکت احمد راتھرکی زیرصدارت افسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں اے ڈی سی نے بی ایم اوز کو ضلع بھر میں ویکسی نیشن سائٹوں میں اضافہ کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ افراد کوتمام علاقوں میں ویکسی نیشن کے لئے متحرک کرنے کی ہدایت دی۔