کوٹرنکہ //کوٹرنکہ محکمہ سیاحت کی طرف سے نظرانداز ہے اور ماضی میں ہوئے کام بھی آج خستہ حالی کاشکار بنے ہوئے ہیں ۔اس کی مثال کوٹرنکہ نانگہ تھب میں تعمیر شدہ شیڈ ہیں جن کو محکمہ نے بنانے کے بعد لاوارث چھوڑدیاجو آج مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں۔مقامی لوگوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکار کی طرف سے لاکھوں کروڑوں روپے محکمہ خرچ کئے جاتے ہیں اور سیاحتی ترقی کے دعوے بھی کئے جاتے ہیں مگر زمینی سطح پر کچھ بھی تبدیل نہیںہوتا۔عبدالقیوم ،محمد شبیر ،شکیل چوہان اورشوکت علی نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ جہاں جہاں پر بھی محکمہ کی طرف سے عمارتیں یا شیڈ تعمیر کئے گئے ہیں ،پر توجہ دی جائے اور ان کو تباہ ہوتے دیکھنے کے بجائے مرمت کاکام انجام دیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ محکمہ کے افسران کو نانگہ تھب جیسے علاقوں کا دورہ کر نا چاہیے اور اپنے محکمہ کی غفلت شعاری کو دیکھنا چاہیے جہاں ریاستی حکومت کے خزانے سے لاکھوں کروڑوں روپے خرچ کرکے کچھ شیڈ اور عمارتیں تو تعمیر کردی گئیں مگر ان کی طرف پھر مڑ کر بھی نہیں دیکھاگیا اور نتیجہ کے طور پر یہ سب کچھ تباہ ہوگیا ۔