راجوری //کووڈ جیسے مشکل وقت میں راجوری گور نمنٹ میڈیکل کالج میں انتظامیہ کی جانب سے نصب کر دہ سی ٹی سکین مشین مریضوںکیلئے معیاری ثابت نہیں ہورہی ہے ۔متعلقہ طبی ماہرین نے بتایا کہ مذکورہ مشین ’سنگل سلائس ‘ہونے کیساتھ ساتھ پرانے ورژن کی ہے جو کہ چھاتی کی سکینگ کیلئے معیاری ہی نہیں ہے ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں انتظامیہ کی جانب سے پرانے ورژن کی ’سنگل سلائس مشین ‘ ایک برس قبل نصب کی تھی جبکہ اس کی چار مرتبہ مرمت بھی کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ مشین کووڈ جیسے مشکل وقت میں ناقابل استعمال ثابت ہو رہی ہے کیونکہ مذکورہ مشینری چھاتی کی سکینگ کے اہل نہیں ہے ۔انہوں نے بتایا کہ راجوری ضلع میں ڈاکٹروں کی جانب سے کئی ایک مریضوں کو سی ٹی سکین کیلئے کہا جاتا ہے تاکہ انفکشن کی سطح کا پتہ لگایا جاسکے تاہم مریض نجی کلینکوں میں جانے پرمجبور ہو جاتے ہیں جس کے دوران ان کو بھاری رقم بھی اداکرنی پڑتی ہے ۔میڈیکل کالج راجوری کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ ہسپتال میں نصب کردہ مشین پرانے ورژن کی ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس مشکل وقت میں ہسپتال انتظامیہ کو جدید طرز کی مشین کی اشد ضرورت ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے بتایا کہ ہسپتال میں سی ٹی سکین مشین نصب کی گئی ہے تاہم اس کے جدید ورژن کو نصب کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔