کشتواڑ// ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ اشوک شرما نے ڈیجیٹل انڈیا اقدام کے ایک حصے کے طور ڈی سی آفس کشتواڑ کے کانفرنس ہال میں موبائل پر مبنی ایپلی کیشن ’’کوشل پہچان‘‘ لانچ کی۔ کوشل پہچان ایک متحرک ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جو ضلع انتظامیہ کو ضلع کشتواڑ کے بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ہنر کی نقشہ سازی کے قابل بناتا ہے۔ کشتواڑ کے بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوان اس ایپ کو گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں اور اپنی تعلیمی قابلیت ، مہارت کی بنیاد کے مطابق اپنا اندراج کرسکتے ہیں۔اس طرح سے تیار کردہ ڈیٹاضلع میں ہائیڈرو الیکٹرک پاور پروجیکٹس میں ہنرمندوں کو ملازمت فراہم کرنے میں مدد گار ہوگا ،اور انکی صلاحیتوں و مہارت کو بہتر بنانے اور ملازمت فراہم کرنے والی مختلف کمپنیوں سے جوڑنے میں معاون ثابت ہوگا۔یہ "کوشل پہچان" موبائل ایپ گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہے اور اس ایپ کا لنک ضلع انتظامیہ کی سرکاری ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہوگا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کشتواڑ نے خطاب کرتے ہوئے ضلع کشتواڑ کے تمام بیروزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کریں اور اپنا اندراج کروائیں تاکہ ضروری مہارت کی نقشہ سازی کی جاسکے اور کسی کو بھی اس سے باہر نہ رکھاجائے۔