سرینگر //جموں و کشمیر سرکار نے کورونا وائرس کی ممکنہ تیسری لہر کو روکنے کیلئے منصوبہ ترتیب دینے کیلئے ڈاکٹر ایم ایس کھورو کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ منگل کو جموں و کشمیر سرکار کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ زیر نمبر 446-JK(GAD) of 2021بتاریخ 18مئی میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کی ممکنہ تیسری لہر سے نپٹنے کیلئے منصوبہ تیار کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ سکمز کے سابق ڈائریکٹر ایم ایس کھورو کی سربراہی میں تشکیل دی گئی کمیٹی میں ایمز جموں کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر اور ڈائریکٹر ڈاکٹر شکتی گپتا کو شریک چیرمین،ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر اے جی اہنگر ، پرنسپل جی ایم سی سرینگر ڈاکٹر سامیہ رشید ، ڈائریکٹر نیو میڈیکل کالجز ڈاکٹر یشپال شرما، ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ میشن یاسین چودھری، جی ایم سی سرینگر میں شعبہ کیمونٹی میڈیسن کے ڈاکٹر محمد سلیم خان، جی ایم سی سرینگر میں شعبہ اطفال کے سربراہ ڈاکٹر مظفر جان ، جی ایم سی جموں میں چھاتی کے امراض کے سربراہ ڈاکٹر راہل گپتا اور ایمرز نئی دلی کے سینئر ریذیڈنٹ ہاسپٹل ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر خالد بطور ممبر شامل کئے گئے۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ صحت کے بنیادی ڈھانچہ، ٹیسٹنگ صلاحیت، قوائد و ضوابط، آکسیجن سپلائی، میشینری، ادویات اور افراد ی قوت کو بڑھانے کی دستیابی کو یقینی بنائے گی۔کمیٹی شعبہ اطفال میں بستروں کے اضافہ کے علاوہ آئی سی یو بیڈوں میں اضافہ کرانے کیلئے بھی کام کرے گی۔اس کے علاوہ کمیٹی دیہی علاقوں میں صحت کے بنیادی ڈھانچہ کو مستحکم بنانے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے گی۔