سرینگر//یو این آئی// پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) سرینگر ڈاکٹر سائمہ رشید نے کورونا ویکسین کے بارے میں پھیلائی جا رہی افواہوں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ویکسین ہی کورونا کے خلاف لڑنے کا واحد ہتھیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ویکسین لگوانے سے ہی ہم محفوظ رہ سکتے ہیں۔انہوںنے ان باتوں کا اظہار اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیا ہے ۔ان کا پیغام میں کہنا تھا: 'ویکسین کے بارے میں غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں، ویکسین ہی بچاؤ ہے ، اس بیماری کے خلاف لڑنے کا یہی ہتھیار ہے'۔ ڈاکٹر سائمہ رشید نے کہا کہ اگر ہم یہ ویکسین لگوائیں گے تو ہم اس بیماری سے بچ سکتے ہیں کیونکہ اس کے لگوانے سے بیماری کی شدت کم ہو جاتی ہے ۔بتا دیں کہ ویکسین کے بارے میں پھیلائی جا رہی افواہوں نے وادی کشمیر میں لوگوں کو الجھن میں ڈال دیا ہے ۔فرانسیسی ماہر وائرلوجسٹ اور نوبل انعام یافتہ لک مونٹاگنیئر سے منسوب ایک 'جعلی خبر' سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جن لوگوں نے یہ ویکسین لگوائی ہے وہ سب اگلے دو برس میں فوت ہوں گے ۔بعض افواہوں میں کہا جا رہا ہے کہ اس ویکسین کے لگوانے سے نوجوان خواتین بانجھ پن کا شکار ہوسکتی ہیں۔تاہم ماہرین صحت ان تمام افواہوں کو بے بنیاد قرار دے کر لوگوں سے اس ویکسین کو لگوانے کی تاکید کر رہے ہیں۔سینئر کشمیری معالج اور کریٹیکل کیئر سپیشلسٹ ڈاکٹر شوکت شاہ کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین لگوانے والوں کے دو سال کے اندر مر جانے کی خبر جعلی اور من گھڑت ہے ۔انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ جن افراد نے بھی ویکسین کی دونوں ڈوزز لگوائی ہیں وہ بالکل محفوظ ہیں۔ اگر انہیں کورونا انفیکشن ہو بھی جاتا ہے تو وہ جلد صحتیاب ہو جائیں گے کیونکہ ان پر اس وائرس کا زیادہ اثر نہیں ہوگا۔