سرینگر // جموں و کشمیر میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورنا وائرس کی تشخیص کیلئے 23ہزار 223 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 74کی رپورٹیں مثبت آئیں اور اسطرح متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 24 ہزار157ہوگئی ہے۔ ان میں 72 ہزار 688کشمیر جبکہ 51ہزار 469 جموں صوبے سے تعلق رکھتے ہیں۔ منگل کو مزید ایک شخص کورونا وائرس سے فوت ہوگیا ہے ۔ متوفین کی مجموعی تعداد 1930ہوگئی ہے جن میں 719جموں جبکہ 1211 کشمیر میں فوت ہوئے ہیں۔ نئے 74 معاملات میں 23جموں جبکہ 51 کشمیر میں سامنے آئے ہیں۔ کشمیر کے 51متاثرین میں 37 سرینگر، 3 بارہمولہ، 2بڈگام، 3 پلوامہ، 1کپوارہ، 2اننت ناگ، 0 بانڈی پورہ، 1گاندربل، 1کولگام اور ایک شوپیان سے تعلق رکھتا ہے۔ جموں صوبے کے 23نئے معاملات میں 20جموں، 1ادھمپور، 1پونچھ اور ایک ریاسی سے تعلق رکھتا ہے جبکہ جموں کے راجوری، ڈوڈہ، کٹھوعہ، سانبہ، کشتواڑ اور رام بن میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔
ایک فوت
جموں و کشمیر میں منگل کو مزید ایک شخص کورونا وائرس سے فوت ہوگیا ہے۔ مرنے والے شخص کا تعلق سرینگر شہر سے ہے۔ سرینگر میں تعینات محکمہ صحت کے ایک سینئر ڈاکٹر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آبی کارپورہ ڈلگیٹ سے تعلق رکھنے والا 83سالہ معمر شخص کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے نمونیا سے صدر اسپتال سرینگر میں فوت ہوگیا ہے۔ سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ مریض کو چند دن قبل اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں منگل کو فوت ہوگیا ہے۔ادھر جموں صوبے میں پچھلے 72گھنٹوں کے دوران کے دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی شخص فوت نہیں ہوا ہے۔
حکومتی بیان
سرکاری بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ نوول کورونا وائرس کے1,24,157معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے1,103سرگرم معاملات ہیں ۔ اَب تک1,21,124اَفراد صحتیاب ہوئے ہیں ۔جموں وکشمیر میں کوروناوائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد1,930تک پہنچ گئی ،جن میں سے 1,211کا تعلق کشمیر صوبہ سے اور719کاتعلق جموں صوبہ سے ہیں۔اِس دوران منگل کو مزید54فرادشفایاب ہوئے ہیںجن میںجموں صوبے کے21اَفراداور کشمیر صوبے کے33اَفرادشامل ہیں۔بلیٹن میں مزید کہا گیا ہے کہ اَب تک 44,44,236ٹیسٹوں کے نتائج دستیاب ہوئے ہیں جن میں سے 26؍جنوری 2021 کی شام تک 43,20,079نمونوں کی رِپورٹ منفی پائی گئی ہے ۔علاوہ ازیں اَب تک10,89,360افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جن کا سفر ی پس منظر ہے اور جو مشتبہ معاملات کے رابطے میں آئے ہیں۔ اِن میں34,929اَفراد کو ہوم قرنطین میں رکھا گیا ہے جس میں سرکار کی طرف سے چلائے جارہے قرنطین مراکز بھی شامل ہیں ۔1,103 اَفراد کوآئیسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ96,611اَفراد کو گھروں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔اِسی طرح بلیٹن کے مطاب9,54,787اَفرادنے 28روزہ نگرانی مدت پوری کی ہے۔