غیرمقامی شخض کی موت
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ایس ڈی کالونی بٹہ مالو سرینگرمیں گزشتہ روز ایل پی جی سلنڈر میں آگ لگنے کے نتیجے میں جھلس کر زخمی شہری دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ ہفتہ کے روز ایس ڈی کالونی میں رہائشی مکان میں اچانک ایل پی جی سلنڈر میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے گھر میں موجود ایک ہی خاندان کے تین افراد شدید جھلس گئے۔ واقعے کے فوراً بعد مقامی لوگوں اور امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔شدید زخمی ہونے والے غلام رسول کرچو ولد مرحوم عبدالعزیز کرچو ساکنہ ایس ڈی کالونی بٹہ مالو، اتوار کی دوپہر دورانِ علاج زندگی کی بازی ہار گئے۔ واقعے میں زخمی ہونے والے دیگر دو افراد اسپتال میں زیرِ علاج ہیں اور طبی ذرائع کے مطابق ان کی حالت فی الحال خطرے سے باہر اور مستحکم ہے۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ادھر پنجاب کے امرتسر سے تعلق رکھنے والے 52 سالہ ستنام سنگھ کی اتوار کو سرینگر میں موت واقع ہو گئی، جب انہوں نے اپنے رشتہ دار کے گھر میں سانس لینے میں دشواری کی شکایت کی۔ اس کی شناخت ستنام سنگھ ولد پیارا سنگھ کے طور پر ہوئی ہے، جو اپنی اہلیہ اور 25 سالہ بیٹے کے ساتھ آلوچی باغ میں اپنی بھابھی کے گھر مقیم تھے۔ ایس ایچ او شیرگڑی پولیس اسٹیشن کے مطابق، اہلِ خانہ نے بتایا کہ سنگھ کو گھبراہٹ اور سانس لینے میں دشواری محسوس ہوئی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر ایس ایم ایچ ایس اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال میں ڈاکٹروں نے انہیں موقعے پر ہی مردہ قرار دیا۔ پولیس نے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔اس دوران بانڈی پورہ ضلع کے چک منتری گام میں ایک مزدور بجلی کی کرنٹ سے شدید زخمی ہونے کے بعد ضلع ہسپتال بانڈی پورہ میں تاب نہ لاکر چل بسا ۔ فاروق احمد خان ولد طوطا خان ساکن چک منتری گام مزدوروں کے ساتھ بجلی کھمبا نصب کررہا تھا لیکن بجلی کھمبا کھڑا ہونے کے بعد ایل ٹی لائن کے تاروں کے ساتھ چھو گیا ہے جس کے نتیجے میں کرنٹ لگنے کی وجہ سے شدید زخمی ہوا ہے متوفی مزدور کے دیگر ساتھی مزدوروں نے بتایا ہے کہ ٹھیکیدار کے ساتھ بجلی محکمہ کے کام کررہے جب بجلی کھمبا نصب کرکے کھڑا دیا ہے تو کرنٹ لگنے سے مزدور شدید زخمی ہوگیا تھا ۔