سید اعجاز
ترال//ترال کے باتی پورہ الُر نامی گاوں میں بجلی کا ترسیلی نظام انتہائی بوسیدہ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں میں غم و غصہ پایا جا رہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ بجلی یہاں میٹر لگانے کی تیاری کر رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا ہم میٹر لگانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں لیکن اسے قبل یہاں گائوں کے انتہائی بوسیدہ ترسیلی نظام ،کھمبوں کو مکمل طور تبدیل کیا جائے ۔ مقامی لوگوں نے بتایا بستی میں 80فیصد سے زیادہ ترسیلی لائن ختم ہو چکی ہے جبکہ کھمبوں کے بدلے درختوں ،معمولی لکڑیوں یا بوسیدہ کھمبوں کے ساتھ لٹکائی گئی ہے جو علاقے میں کبھی بھی کسی حادثے کا موجب بن سکتا ہے ۔لوگوں نے بتایا یہاں ایک ترسیلی لائن کو تبدیل کیا گیا ہے ہمیں امید تھی کہ شائد یہی پرانی تار کو یہاں استعمال میں لایاجائے گا تاہم اس کو کسی اور جگہ پہنچایا گیا ہے۔ مقامی صارفین نے بتایا کہ باتی پورہ گاوں ایک ایساواحد گاوں ہے جہاں کسی کو بھی بجلی فیس بقایا نہیں ہے۔ لوگوں نے مزید بتایا کہ گائوں ایک100کنبوں پر مشتمل ہے تاہم یہاں راشن گھاٹ کو دوسرے گائوں میں رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے انہیں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔انہوں نے بتایا پنچائتی راج سے دور دراز کے پہاڑی علاقوں کی حالت بدل گئی ہے تاہم یہ گائوں نیشنل ہائوے سے چند کلو میٹر دور ہونے کے باجود تعمیر و ترقی میں پسماندہ رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گرام سبھا کبھی بھی اس گائوں میں منعقد نہیں کی جاتی ہے جس کی وجہ سے اس بستی کے لوگ تعمیراتی منصوبے عوامی خواہشات اور ضروریات کے مطابق ترتیب نہیں دے سکتے ہیں۔انہوں نے انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ساتھ ممبر اسمبلی ترال سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔