پونچھ//لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعدجموں کشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع پونچھ میں بھی انتظامیہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے مختلف اقدامات کررہی ہے۔اس دوران خصوصی طور پر مسافر گاڑیوں میں سفر کرنے والے مسافروں ،ڈرائیوروں اورکنڈکٹروں کے لئے ماسک پہننے کو لازمی قرار دیدیا گیا ہے جبکہ تمام گاڑیوں میں پچاس فیصد سواریاں ہی بیٹھانے کا حکم صادر کیاگیا ہے اس میں مسافروں کی جانب سے کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت نہ کی جائے کو لیکر ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی مہم شروع کی گئی ہے اس مہم کے دوران ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ٹر یفک پولیس نے بدھ کے روز بھی ایس پی ٹریفک رورل جموں موہن لعل کیتھ کی ہدایت پرضلع ٹریفک انسپکٹر شوکت امین خان کی قیادت میں اس سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے گاڑیوں پر کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیاں کرنے والے متعدد ٹرانسپوٹروں کے چالان کئے جبکہ دو گاڑیوں کو ضبط بھی کیاگیا۔ شوکت امین خان نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جانب سے انتظامیہ اور پولیس کو بھرپور تعاون مل رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ اکثر گاڑیوں میں لوگ اور ٹرانسپوٹر ایس او پیز پر عمل کر رہے ہیں اور جو عمل نہیں کرتے ان کے خلاف ٹریفک پولیس کاروائی کر رہی ہے۔