کشتواڑ میں جنگجو معاون ہتھ گولہ سمیت گرفتار

 عاصف بٹ

کشتواڑ//سیکورٹی فورسز نے کشتواڑ کے دور دراز علاقہ میں مشترکہ آپریشن کے دوران ایک جنگجو معاون کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کے بارے میں بتایاجارہاہے کہ وہ طویل عرصہ سے سرگرم حزب المجاہدین کمانڈر جہانگیر سرووری کا قریبی ساتھی ہے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ محمد یوسف چوہان ساکنہ چاڈ چیرجی نامی اس جنگجو معاون کو پولیس ،فوج اور سی آر پی ایف کی ٹیموں نے علاقے میں ان کی موجودگی کے بارے میں انٹیلی جنس معلومات کے بعد ایک مشترکہ آپریشن میں گرفتار کیا ۔

 

 

پولیس ذرائع نے بتایا کہ اسے حراست میں لے لیا گیا اور اس کے مطابق جہانگیر سروری کے ٹھکانے اور اس کی سرگرمیوں کا پتہ لگانے کیلئے سیکورٹی فورسز کے ذریعہ پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ تفتیش کے دوران اس کے انکشاف کے بعد سیکورٹی فورسز نے ایک ہینڈ گرنیڈ برآمد کیا اور گرفتار جنگجو معاون سے ملنے والی تفصیلات کے بعد بڑے پیمانے پر تلاشی مہم بھی شروع کی ہے۔ ایس ایس پی کشتواڑ نے اسی تصدیق کرتے ہوے کہا کہ ایک بالائی زمین ورکر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے کشتواڑ تھانہ میں ایک ایف آئی آر زیرنمبر 117/2023 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کیاگیا ہے جبکہ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ سیکورٹی فورسز نے کشتواڑ ضلع میں تین زندہ بچ جانے والے جنگجوئوں، خاص طور پر جہانگیر سروڑی کی تلاش کیلئے آپریشن شروع کیا ہے جو پہاڑی ضلع میں پچھلے تیس سال سے سرگرم ہیں۔