چھاترو میں آتشزدگی کی انتہائی بھیانک واردات دارالعلوم کی 3 منزلہ عمارت ، رہائشی مکان و محکمہ دیہی ترقی کی عمارت خاکستر

عاصف بٹ

کشتواڑ //کشتواڑ کے سب ڈویژن چھاترو میں پیر کی شام آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات میں دارالعلوم کی تین منزلہ عمارت ،ایک رہائشی مکان و محکمہ دیہی ترقی کی عمارت کو نقصان پہنچا جبکہ مدرسہ سراج العلوم کی عمارت و اس میں موجود ساز و سامان مکمل طورپر جل گیا۔ مدرسے کے ایک استاد نے بتایا کہ نماز عصر کے بعد مدرسے کے سبھی 150 طلباء باہر کھیل کود میں مشغول تھے جس کے دوران اچانک مدرسے کی تیسر ی منزل سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لیا۔اگرچہ علاقے میں قائم فائر اینڈ ایمر جنسی سروس کی گاڑی جاے موقعہ پر پہنچی تاہم اس میںپانی بہت کم موجود تھا جسکے بعد مقامی لوگوں نے بالٹوں کے ذریعے پانی سے آگ بجھانے کی بھر پور کوشش کی تاہم آگ اس قدر شدید تھی کہ ٓاگ نے دارالعلوم کی تین منزلہ عمارت و اسکے ساتھ دوسری دومنزلہ عمارت ،رہائشی مکان و محکمہ دیہی ترقی کے ایک دفتر کو مکمل طور نقصان پہنچایا جبکہ مدرسے میں بچوں کی کتابیں کپڑے و دیگر سامان کو بھی بچایانہ جاسکا جسکے بعد مقامی فوج و کمپنیوں کے ٹینکروں کے ذریعے پانی لایا گیا بعد میں ضلع ہیڈکواٹر سے فائر سروس کی مزید گاڑیاں لائی اور قریب دو گھنٹے بعد آگ پر قابو پایا جاسکا۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ پر سوال اٹھاتے ہوے کہا کہ اگر علاقے میں بڑی گاڑی دستیاب ہوتی اور اس میںپانی موجود ہوتا تو آگ پر بروقت قابو پایاجاسکتاتھا لیکن انتظامیہ کی نااہلی کے سبب اتنا بڑا نقصان ہوا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اسے قبل بھی علاقے میںآگ کی واردات رونما ہوئی تب بھی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ فائراینڈ ایمرجنسی کی بڑی گاڑی کو تعینات رکھا جاے گا لیکن چند ماہ میں ہی اس گاڑی کو ضلع ہیڈکواٹر منتقل کیا گیا اور اسکی جگہ چھوٹی گاڑی بھیجی گی۔ایس ڈی ایم چھاترو نعیم مغل نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ فوی طور ٓاگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی تاہم آگ کڑی مشقت کے بعد قابو پایا گیا لیکن بدقسمتی سے دارالعلوم کی عمارت ایک رہائشی مکان و سرکاری دفتر آگ کی لپیٹ میں آگر تباہ ہوگیا ۔پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

تباہ کن آتشزدگی پرسروڑی کااِظہاردُکھ
محکمہ فائراینڈایمرجنسی سروسز کیخلاف کیس کرنے کی مانگ

عظمیٰ نیوز سروس

کشتواڑ//ضلع کشتواڑمیں ایک مرتبہ پھر محکمہ فائر اینڈایمرجنسی سروسز کی مبینہ نااہلی نے آتشزدگی کے ایک تباہ کن واقعہ نے چھاترومیں ایک مدرسہ کوبھاری نقصانات سے دوچارکردیا،جس کے بعد علاقے میں محکمہ وضلع انتظامیہ کیخلاف کافی ناراضگی پائی جارہی ہے وہیں ڈیموکریٹک پراگریسیوآزادپارٹی کے وائس چیئرمین وسابق وزیرالحاج غلام محمد سروڑی نے اس واقعے پرگہری تشویش ظاہرکرتے ہوئے محکمہ فائراینڈایمرجنسی سروسز کی جانب سے کوتاہی برتنے اور غیرفعال گاڑی دستیاب رکھنے کی پاداش میں ایف آئی آر درج کرنے کی مانگ کی ہے۔جی ایم سروڑی نے اپنے ایک صحافتی بیان میں کہا’’ابھی ابھی خبرآئی کے 6بجے چھاتروکی درسگاہ میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے دونوں عمارتیں خاکسترہوگئیں جس کیساتھ ساتھ پنچایت گھراورایک نجی رہائشی مکان بھی خاکسترہوگیا، شکرہے کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا‘‘۔اُنہوں نے مزیدکہا’’ وہاں فائربریگیڈکی گاڑی بالکل ناکارہ تھی جس کی وجہ سے آگ کے اس واقعہ پرقابوپانے کی کوئی کوشش نہ ہوسکی،مجھے بڑے افسوس کیساتھ کہناپڑتاہے کہ محکمہ فائیر سروسز محکمہ کی گاڑی کسی کام کی نہ تھی ، اس گاڑی کو اگروہاںرکھاگیاتواِسے قابل کار رکھاجاناچاہئے تھا، کروڑوں کانقصان ہوا،بچوں کے کپڑے اور دینی کتابیں جل کرخاکسترہوگئیں‘‘تاہم اُنہوں نے ضلع انتظامیہ کی بروقت کوششوں کوسراہتے ہوئے کہاکہ ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کی کوششوں سے ٹینکروغیرہ کاانتظام کرتے ہوئے آگ پرقابوپانے کی کوشش کی گئی لیکن تمام کوششیں ناکام رہیں۔اُنہوں نے ایل جی انتظامیہ سے فائراینڈایمرجنسی سروسزمحکمہ کی گاڑی کے غیرفعال ہونے کے معاملے کی تحقیقات کی مانگ کی۔اُنہوں نے کہاکہ محکمہ فائر اینڈایمرجنسی سروسز عوام کے آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کررہاہے اور صرف دکھاوے کیلئے گاڑیاں رکھ کرلوگوں کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن یہ گاڑیاں کسی کام کی نہیں ہیں۔اُنہوں نے اس غفلت کوناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے ذمہ داریاں طے کرنے اورقصورواروں کو کیفرکردارتک پہنچانے کی مانگ کی۔اُنہوں نے کہاکہ چھاتروکاایک ماڈل دینی اِدارہ آج محکمہ فائراینڈایمرجنسی سروسز کی غفلت کی وجہ سے بھاری نقصانات سے دوچارہوا،جویہاں کے عوام کا ایک عظیم اثاثہ ہے جہاں بھاری تعداد میں بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں۔جی ایم سروڑی نے متاثرین کو معقول معاوضہ فراہم کرنے کی مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقے کی ایک بہترین درسگاہ کونقصان پہنچاہے جہاں دینی ودنیاوی تعلیم کے حصول کیلئے بھاری تعداد میں طلباعلم کے نور سے منورہورہے تھے۔اُنہوں نے معاملے کی فوری تحقیقات کامطالبہ دہراتے ہوئے کہاکہ چھاترومیں غیرفعال فائربریگیڈگاڑی رکھنے کی پاداش میں محکمہ کیخلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔جی ایم سروڑی نے متاثرین کیساتھ گہری ہمدردی کااِظہارکیااورکہاکہ درسگاہ کوہوئے نقصانات سے اُنہیں بڑاصدمہ پہنچاہے ۔