پنچایت ٹنگر اور ساولکوٹ کا علاقہ سرکار اور این ایچ پی سی کی عدم توجہی کا شکار | سڑک رابطہ 10روز سے بند کئی علاقوں میں بجلی نہیں، ہزاروں لوگوں کی معمولات زندگی درہم برہم

محمد تسکین

بانہال// ضلع رام بن میں ٹنگر کا علاقہ یہاں تعمیر کئے جانے والے ساولکوٹ پن بجلی پروجیکٹ کی وجہ سے اہمیت کا حامل ہے لیکن انتظامیہ اور یہاں کام کرنے والی این ایچ پی سی نے اس علاقے کو جانے والی رابطہ سڑک کو فراموش کر رکھا ہے اور ٹنگر کا وسیع علاقہ پچھلے دو ہفتوں سے سڑک رابطے سے منقطع ہے جبکہ کئی علاقوں میں پچھلے بیس روز سے بجلی ہی نہیں ہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ رام بن۔ گول شاہراہ پر واقع دھرمکنڈ کے مقام زیرو پوائنٹ سے ٹنگر تک سڑک کی حالت انتہائی خستہ حال ہے اور جگہ جگہ پر گر انے والی پسیوں اور پتھروں کو ہٹانے کیلئے ضلع انتظامیہ رام بن اور نیشنل ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کارپوریشن کے حکام غفلت کی نیند سوئے ہیں اور ٹنگر کی سڑک مسلسل بند ہے جبکہ بجلی ٹرانسفارمر خراب ہونے کی وجہ سے کئی علاقے بجلی کے بغیر ہیں۔ ٹنگر کے سماجی کارکن اور کانگریس کے عہدیدار مان سنگھ نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ دھرم کنڈ سے ٹنگر تک بیس کلومیٹر لمبی سڑک حالیہ بارشوں کے بعد سے بندہے جس کی وجہ سے بیماروں ، حاملہ خواتین اور روز مرہ کے کام کاج کیلئے رام بن جانے والے عام لوگوں کی زندگی اجیرن بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں راشن ، خورد و نوش ، سبزیوں اور ادویات کا سٹاک ختم ہوا ہے اور پنچایت ٹنگر کے بنیراہ ، پڑی ، بدھول ، ڈانڈی ، مندان ، چمیار سوئی کے ہزاروں لوگ دشوار گزار زندگی جینے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بند سڑک کا معاملہ مقامی نمبردار دیو راج کے زریعے نائب تحصیلدار گاندری کے ذریعے اعلیٰ حکام کی نوٹس میں لایا گیا ہے لیکن اب تک کوئی کاروائی نہیں کی گئی ہے اور ٹنگر کی پنچایت مسلسل سرکاری عدم توجہی کا شکار ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ ٹنگر کے بنیراہ میں بجلی ٹرانسفارمر 18 اپریل کو جل گیا ہے اور تب سے اب تک پورا علاقہ بجلی کے بغیر ہے اور پرنوٹ میں سڑک کے دھنس جانے کی وجہ سے بجلی ٹرانسفارمر ٹھیک کرنے اور بجلی کو بحال کرنے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بجلی کی طرف سے ہر مہینے باقاعدگی سے بجلی فیس وصولی جاتی ہے مگر ٹرانسفارمر کو لانے اور لیجانے کی ذمہ داری مقامی لوگوں پر رکھی گئی ہے اور انہیں اس کیلئے کوئی مزدوری نہیں دی جاتی ہے۔ انہوں ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری اور گورنر انتظامیہ جے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وہ علاقہ ٹنگر ، کبھی ، گاندری اور بٹھنی کے علاقوں کی طرف توجہ دیں اور عوامی مشکلات کا آزالہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کہ پچھلے دنوں انیتا دیوی نامی ایک بیمار خاتون کو بٹھنی پنچایت سے رام بن ہسپتال پہنچانے کی کوشش کے دوران جان سے ہاتھ دھونا پڑا کیونکہ بٹھنی اور گاندری کے درمیان بھی سڑک بند ہے اور پوری نیابت گاندری میں عوامی معمولات سڑک بند ہونے کی وجہ سے درہم برہم ہیں اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔