بانہال میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے نوجوان لقمہ اجل تعمیراتی کمپنی پر مزدوروں کی حفاظت میں لاپرواہی برتنے کا الزام

محمد تسکین

بانہال// بانہال بائی پاس پر جاری کام کے دوران پیر کو ایک نوجوان ورکر بجلی کا کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بنا بن گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ بانہال بائی پاس پرجاری تعمیراتی کام کے دوران 21 سالہ نوجوان مڈدثر احمد چوپان ولد غلام نبی ساکنہ سرن تحصیل کھڑی ہائی ٹینشن لائین کا کرنٹ لگنے کے بعد یہ نوجوان جھلس گیا اور فلائی اوور سے نیچے گر کر زخمی ہوگیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ یہ نوجوان فورلین شاہراہ پروجیکٹ پر بانہال بائی پاس پر ہولن کے نزدیک فلائی اوور پر کام کر رہا تھا اور کام کے دوران لوہے کا ایک سریا وہاں سے جارہی ایک بجلی کی تار سے ٹکرا گیا اور نوجوان شدید طور زخمی ہو گیا۔ مدثر احمد کو فوری طور پر سب ضلع ہسپتال بانہال پہنچایا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد اس نوجوان کو تشویشناک زخمی حالت میں شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) سرینگر منتقل کیا گیا جہاں اس نے دم توڑ دیا۔
اس سلسلے میں پولیس تھانہ بانہال میں مقدمہ درج کیا گیا اور ضروری قانونی کاروائی کے بعد میت کو پیر کی رات ورثا کے سپرد کر دیا گیا۔ منگل کی صبح قریب گیارہ بجے نوجوان کو اپنے آبائی گاوں واقع سرن کھڑی میں پرنم آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ کووڈ 19 تک یہ نوجوان مدرسہ فیض الاسلام ناگبل بانہال میں اسلامی علوم کا طالب علم بھی رہا ہے۔

کشمیر عظمیٰ کا وہاتس ایپ چینل فالو کرنے کیلئے یہاں کلک کریں
مقامی لوگوں نے بانہال بائی پاس کی تعمیراتی کمپنی ایم جی انجینئرنگ اور متعلقہ ٹھیکیدار سے اس نوجوان کے لواحقین کے حق میں معاوضہ ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ مہلوک نوجوان کے رستہ داروں کا الزام ہے کہ بانہال بائی پاس کے فلائی اوور پر کام کے دوران مزدوروں کی سیفٹی کے انتظامات نہیں تھے اور لقمہ اجل بننے والا مزدور سیفٹی گلوز اور سیفٹی ہیلمنٹ کے بغیر کام کر رہا تھا اور کمپنی کے خلاف لاپر واہی کا کیس درج کیا جانا چاہئے۔
واقع کے بعد پیر کی رات دیر گئے انتظامیہ اور پولیس کے افسران ہسپتال پہنچے اور اس موقع پر ایس ڈی ایم بانہال رضوان اصغر نے مہلوک نواجوان کے رشتہ داروں کو یقین دلایا کہ وہ اس بارے میں مہلوک کے حق میں تعمیراتی کمپنی کی طرف سے ہر ممکن مالی مدد دلائیں گے اور اس بارے میں ضروری کاروائی کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب ڈویژن بانہال میں مختلف پروجیکٹوں پر کام کرنے والے ورکروں کی سیفٹی کو یقینی بنانے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں تحصیلدار بانہال اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کے عہدیدار شامل ہوں گے۔