بانہال بائی پاس پر کام کے دوران مزدور کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل تعمیراتی کمپنی پر مزدوروں کی حفاظت میں لاپرواہی برتنے کا الزام

محمد تسکین

بانہال// پیر کے روز بانہال بائی پاس پر جاری کام کے دوران اور ایک نوجوان ورکر بجلی کے تار کے چھو جانے کی وجہ سے لقمہ اجل بن گیا ۔ ہائی ٹینشن لائین کا کرنٹ لگنے کے بعد یہ نوجوان جھلس گیا اور بانہال بائی پاس کے فلائی اوور سے نیچے گر کر زخمی ہوگیا۔مہلوک نوجوان کی شناخت مدثر احمد چوپان عمر 20/21 سال ولد غلام نبی چوپان سکنہ سرن تحصیل کھڑی کے طور کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ نوجوان فورلین شاہراہ پروجیکٹ پر بانہال بائی پاس پر ہولن کے نزدیک فلائی اوور پر کام کرتا تھا تھا اور کام کے دوران لوہے کا ایک سریا وہاں سے جارہی ایک بجلی کی تار سے چھو گیا اور یہ نوجوان شدید طور زخمی ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ مدثر احمد کو فوری طور پر سب ضلع ہسپتال بانہال پہنچایا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد اس نوجوان کو شدید زخمی حالت میں شیر کشمیر انسٹیٹوٹ آف میڈیکل سائنسز سرینگر منتقل کیا گیا جہاں اس نے دم توڑ دیا۔ پولیس سٹیشن بانہال نے اس ضمن میں ضروری قانونی کارروائی کے بعد میت کو پیر کی رات ورثا کے سپرد کیا ہے۔ منگل کی صبح قریب گیارہ بجے اس نوجوان کو اپنے آبائی گاوں واقع سرن کھڑی میں پرنم آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ مقامی لوگوں نے بانہال بائی پاس کی تعمیراتی کمپنی ایم جی انجینئرنگ اور متعلقہ ٹھیکیدار سے اس نوجوان کے لواحقین کے حق میں معاوضہ ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ مہلوک نوجوان کے رشتہ داروں کا الزام ہے کہ بانہال بائی پاس کے فلائی اوور پر کام کے دوران مزدوروں کی سیفٹی کے انتظامات نہیں تھے اور لقمہ اجل بننے والا مزدور سیفٹی گلوز اور سیفٹی ہیلمنٹ کے بغیر کام کر رہا تھا اور کمپنی کے خلاف لاپر واہی کا کیس درج کیا جانا چاہئے۔ واقع کے بعد پیر کی رات دیر گئے انتظامیہ اور پولیس کے افسران ہسپتال پہنچے اور اس موقع پر ایس ڈی ایم بانہال رضوان اصغر نے مہلوک نواجوان کے رشتہ داروں کو یقین دلایا کہ وہ اس بارے میں مہلوک کے حق میں تعمیراتی کمپنی کی طرف سے ہر ممکن مالی مدد دلائیں گے اور اس کیلئے انشورنس کے علاؤہ تعمیراتی کمپنی ایم جی کنسٹریکشن پانچ لاکھ روپئے اور کمپنی کا ذیلی ٹھیکیدار پانچ لاکھ روپئے کی رقم مہلوک نوجوان کے پسماندگان کو ادا کرئے گی اور اس بارے میں ضروری کاروائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب ڈویژن بانہال میں کام کرنے والے ورکروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کی قیادت تحصیلدار بانہال امتیاز احمد کرینگے جبکہ پولیس اور محکمہ لیبر کے حکام بھی اس کا حصہ ہونگے۔