کشتواڑ میں بارشوں سے عام زندگی مفلوج،متعدد سڑکوں پرپسیاں گرآئی سنتھن، مرگن و بٹوت قومی شاہراہ پر آمدورفت بلاخلل جاری ، درجہ حرارت میں کمی

عاصف بٹ
کشتواڑ//سنیچر کی بعد دوپہر شروع ہوئی موسلادھار بارشیں اتوارکو دن بھرجاری رہیں جسکے سبب ضلع بھر میں عام زندگی بری طرح مفلوج ہوکررہ گئی۔ رات بھر بارشوں کے سبب متعدد مقامات پرسڑکیں زیرآب آئی ہیں جبکہ کئی سڑکوں پرپسیاں گرآئی۔ اگرچہ مرگن و کشتواڑ بٹوت شاہرہ پر ٓامدورفت بلاخلل جاری رہی تاہم سنتھن شاہراہ پر کشتواڑ سے کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ سرینگر سے گاڑیوں کو چلنے کی اجازت تھی ۔اس دوران ضلع کے اندرونی سڑک رابطوں پر پسیاں گرآنے کے سبب ان پر آمدورفت متاثر رہی ۔پاڈرکے سہول میں پسی گرآنے کے سبب سڑک آمدورفت کیلئے بند رہی جبکہ دیگر متعدد اندرونی سڑکوں پر پسیاں گرآنے کی اطلاعات ہیں۔قصبہ کشتواڑ کی اندرونی سڑکوں پر بارشوں کے سبب متعدد مقامات پر پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا جبکہ گلی کوچوں میں نالیوں کی گندگی گلیوں کے اندر جمع ہوگئی جس سے راہگیروں کو سخت مشکلات سے دوچار ہوناپڑا۔بارشوں کے سبب درجہ حررارت میں متواتر گراوٹ درج کی گئی اور لوگوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کردیا۔