رام بن میں اراضی دھنسنے سے کم ازکم 50 رہائشی مکانوں، بجلی نظام کو نقصان

عظمیٰ ویب ڈیسک

رام بن// خطہ چناب کے رام بن ضلع کے پرنوٹ علاقے میں گزشتہ شب اراضی دھنس جانے سے کم از کم 50رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن کے مطابق۔ مکینوں کو محفوظ جگہ منتقل کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب رام بن کے دور افتادہ علاقے پرنوٹ میں زمین دھنس جانے سے رہائشی مکان اور درخت زمین بوس ہو گئے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ جمعرات کی شام کو علاقے میں زور دار آوازیں سنائی دیں جس کے ساتھ ہی اراضی دھنس جانے کا سلسلہ شروع ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ چند منٹوں کے اندر اندر ہی پہاڑی کا ایک بڑا حصہ کھسک آیا جس وجہ سے چالیس سے پچاس مکانوں میں دراڑیں پڑ گئی۔
ان کے مطابق بیس رہائشی مکان مکمل طورپر زمین بوس ہو گئے ہیں۔

Click here to follow Kashmir Uzma on Website
ان کا مزید کہنا تھا کہ 440کے وی کے پانچ ٹاور بھی نیچے گر آئے ہیں جس وجہ سے رام بن ضلع میں بجلی سپلائی بھی متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔
دریں اثنا ضلعی ترقیاتی کمشنر رام بن نے جمعہ کے روز علاقے کا دورہ کیا اور متاثرین کو یقین دلایا کہ ان کی ہر سطح پر مدد فراہم کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ فی الحال سبھی لوگوں کو محفوظ جگہ منتقل کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ علاقے میں اراضی دھنسنے کا سلسلہ جاری ہے جس کے پیش نظر گاوں کو پوری طرح سے خالی کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرین کو کھانے پینے کی اشیاءاور رہائشی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔