ککلرالہ موڑ ،پرنوٹ میں زمین دھنس گئی،گول رام بن شاہراہ بند ۔ 12خاندان محفوظ مقام پر متقل ،متعدد علاقوں کی بجلی سپلائی متاثر

 ایم ایم پرویز

رام بن//ایس ڈی آر ایف کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ رام بن سے پانچ کلو میٹر دور ککرالہ موڑ، پرنوٹ علاقے میں زمین کا ایک بہت بڑا حصہ دھنس جانے کے بعد رام بن گول روڈ پر کم از کم 12 خاندانوں کو ضلع انتظامیہ رام بن کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ رام بن گول روڈ پر تمام گاڑیوں کی آمدورفت معطل کر دی گئی کیونکہ ککرالہ پرنوٹ سے گزرنے والی سڑک پر جمعرات کی شام دیر گئے سڑک پر اچانک دراڑیں پڑ گئیں۔اس دوران کئی علاقوں میں بجلی بھی منقطع ہوگئی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ رام بن گول روڈ پر 5کلومیٹر پر ککرالہ موڑ میں زمین دھنسنے کے بعد تمام گاڑیوں کی آمدورفت معطل کر دی گئی ہے۔ندیم اقبال کٹوچ گلستان ٹی وی کے رپورٹر ،جو پرنوٹ کے علاقے را م بن کے رہائشی ہیں نے بتایا کہ جمعرات کی شام زمین دھنسنا شروع ہو گئی جس سے یہاں کے مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔اطلاع ملتے ہی تحصیلدار رام بن، دیپ کمار، ضلع انتظامیہ کے افسران، پولیس، ایس ڈی آر ایف اور سول کیو آر ٹی کے رضاکار موقع پر پہنچ گئے اور متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کیا۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری نے “ایکس ” پر ٹویٹ کیا کہ “را م بن گول روڈ پر 5 کلومیٹر پر بڑے پیمانے پر زمین دھنس جانے سے سڑک بلاک ہوگئی اور تمام گاڑیاں رک گئیں۔ سڑک دھنسنے سے متاثر ہونے والی سڑک کے رابطے اور بجلی کی فراہمی کی بحالی کا کام جاری ہے۔ رام بن-گول روڈ فی الحال بلاک ہے‘‘۔تحصیلدار رام بن، پولیس، ایس ڈی آر ایف اور سول کیو آر ٹی کے رضاکاروں کے ساتھ علاقے میں تعینات ہیں۔مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔