فوجی حکام سے الگ تاریخ مقرر کرنے کا مطالبہ
کرناہ // خراب موسمی صورتحال کی وجہ سے کرناہ کپوارہ شاہراہ کے بند ہونے کے نتیجے میں نہ صرف سینکڑوں مسافر مختلف مقامات پر درماندہ ہو کر رہ گئے ہیں،بلکہ مڑھل ، کیرن اور کرناہ کے ایسے اُمیدوار جنہیں فوج میںبھرتی کیلئے رنگریٹھ پہنچنا تھا ،وہ بھی درماندہ ہیں۔انہوں نے فوجی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی بھرتی کیلئے الگ تاریخ مقرر کی جائے کیونکہ سڑکیں بند ہونے کے نتیجے میں وہ وقت پر بھرتی میں شریک نہیں ہو سکتے ہیں ۔کرناہ میں آج ایسے امیدواروں نے احتجاج کیا اور دھرنا بھی دیا۔ان کا کہنا تھا کہ کرناہ، کیرن اور مژھل کی سڑکیں خراب موسمی صورتحال کی وجہ سے پچھلے تین روز سے گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہیں جس کے نتیجے میں وہ درماندہ ہو کر رہ گے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ انہوں نے لاکھ کوشش کی کہ وہ وادی پہنچ جائیں لیکن شاہراہ بند ہونے کے سبب وہ آج رنگریٹھJAKLI سینٹر میں منعقد ہونے والی اس بھرتی میں شرکت نہیں کر سکتے ہیں۔انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ وہ پچھلے کئی ماہ سے اس بھرتی کا انتظار کر رہے تھے جبکہ کئی ایک امیدوار ایسے بھی ہیں جن کی عمر کی حد بھی پار ہو چکی ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ کے علاوہ فوج کے اعلیٰ حکام سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان سرحدی علاقوں کے امیدواروں کی بھرتی کیلئے الگ تاریخ مقرر کی جائے تاکہ وہ اس بھرتی میں شرکت کر سکیں۔