بانہال // بانہال اور رام بن سیکٹر میں لگاتار بارشوں کی وجہ سے کئی مقامات پر پتھر اور پسیاںگر آئے، جسکی وجہ سے شاہرا پر گاڑیوں کی آمد و رفت روک دی گئی اور اتوار کو شاہراہ دونوں جانب سے بند رہے گی۔ سنیچر کی دوپہر پنتھیال کے مقام پر ایک بھاری پتھر شاہراہ سے گذررہے اور جموں کی طرف جانے والے ایک مال بردار ٹرک کے ٹول بکس میں جا لگا ،تاہم پتھر گرنے کے اس واقع میں ٹرک میں سوار ڈرائیور اور کنڈیکٹر معجزاتی طور پربچ نکلے۔ ہفتے کی شام تک بانہال اور رام بن سیکٹر وںمیں بارشوں کا سلسلہ جاری تھا اور سینکڑوں کی تعداد میں مال بردار گاڑیوں کو شاہراہ کی بحالی تک کئی مقامات پر روک دیا گیا ۔ ٹریفک کنٹرول روم رام بن نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ ہفتے کی صبح سے ہی شاہراہ کے کئی مقامات پر پتھر اور پسیاں گر رہی تھیں اور دوپہر بعد سے اس میں تیزی آئی۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر پتھروں کے گرنے کے باوجود ٹریفک کو باری باری نکالا جاتا رہا تاہم مسافر گاڑیوں کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ پنتھیال اور رامسو سیکٹر میں سنیچر کی شام تک پتھر گر رہے تھے جبکہ کیفٹیریا موڑ رام بن میں دن بھر پسیاں گرتی رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنتھیال کے مقام پہاڑی سے گر آنے والا ایک پتھر ایک ٹرک کے اوپر آ گرا اور ٹرک کو نقصان پہنچا تاہم ڈرائیور اور کنڈیکٹر بچ نکلے ۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کے روز شاہراہ پر کسی بھی قسم کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔