عظمیٰ نیوز سروس
جموں// ڈائرکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے امرناتھ یاتریوں کے لیے سیکورٹی انتظامات اور دیگر سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے جمعہ کوبیس کیمپ یاتری نواس بھگوتی نگر جموں کا دورہ کیا۔ جس دوران انہوں نے یاتریوں اور افسران سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈی جی پی نے یاتری نواس دورہ کے دوران سیکورٹی انتظامات کا جامع جائزہ لیا۔متعلقہ افسران نے تعیناتی کے منصوبوں اور یاتریوں کے قیام و طعام کے انتظامات کے علاوہ کیمپ کے اندر اور اس کے ارد گرد حفاظتی انتظامات کے بارے میں پولیس سر براہ کو جانکاری فراہم کی۔ بیس کیمپ کے آس پاس کڑی نگرانی رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے ڈی جی پی نے زور دیا کہ یاترا کے قافلوں کی نقل و حرکت اور وقت کے شیڈول پر سختی سے عمل کیا جائے۔ انہوں نے کیمپ میں ٹریفک مینجمنٹ کا بھی جائزہ لیا۔ ڈی جی پی نے افسران پر زور دیا کہ وہ یاتریوں کی سیکورٹی کے لیے وضع کئے گئے طریقہ کار اور ہدایات کو سختی سے عمل درآمد کریں۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی اقدامات کو موثر طریقے سے نافذ کیا جائے اور کیمپ کے تمام اہم مقامات کی سیکیورٹی کا تفصیلی طور پر جائزہ لیا جائے۔ ڈی جی پی نے اس دوران یاتریوں سے بھی تبادلہ خیال کیا اور انہیں دستیاب سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔جس کے دوران یاتریوں نے انہیں دستیاب سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔