مینڈھر //جہاں ملک کو ڈیجیٹل بنائے جانے کے دعوے کئے جارہے ہیں وہیں مینڈھر کے گھانی ڈیلامحلہ میں سولہ گھر ایسے ہیں جن کو آج تک بجلی فراہم نہیں کی گئی ۔یہ علاقہ حد متارکہ کے قریب واقع ہے جہاں رہنے والے لوگ گھپ اندھیرے کی وجہ سے شدید مشکلات سے دوچار ہورہے ہیں ۔ سابق سرپنچ محمد شریف کاکہناہے کہ یہ علاقہ وارڈ نمبر سات میں پڑتاہے جس کو آج تک بجلی کی سپلائی سے محروم رکھاگیاہے ۔انہوںنے بتایاکہ تین سال قبل ایک ٹرانسفارمر انہیں موصول ہواجس کے ساتھ ہی ترسیلی لائنیں بھی حاصل کی گئیںتاہم کچھ لوگ کھمبے اٹھاکر لے گئے ۔ان کے مطابق اس حوالے سے محکمہ نے مقدمہ درج کرایا اور پولیس نے علاقے کادورہ بھی کیالیکن کوئی مزید کارروائی نہیں کی گئی ۔انہوںنے بتایاکہ کچھ گھروں میں کھمبے اور تاریں لگی ہیں لیکن کچھ میں نہیںاوردو سال تک ٹرانسفارمر زمین پر پڑارہا جس کے بعد اسے لٹکاتودیا گیا لیکن چالونہیں کیاگیا۔مقامی شہری محمد صدیق کاکہناہے کہ باربار تمام لیڈروں کے گھروں کے چکر بھی لگائے لیکن کچھ حاصل نہیںہوا اور ان کیلئے بجلی اتنی مشکل ہوگئی ہے جس کا کوئی حساب نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ان کا پانی بھی بند ہے اور اس کی سپلائی نہیں ہورہی ۔انہوںنے بتایاکہ وہ اب تنگ آچکے ہیں لیکن محکمہ کو ٹس سے مس نہیں اور انہیں بجلی سے محروم رکھاگیاہے ۔اس سلسلے میں جب اے ای ای مینڈھر محکمہ بجلی سے بات کی گئی تو ان کاکہناتھا کہ وہ ا ن لوگوں کو بجلی فراہم کرناچاہتے تھے لیکن کچھ مسائل درپیش ہیں جن کی وجہ سے کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی تاہم وہ کوشش کریںگے کہ بجلی فراہم ہو ۔