تھنہ منڈی // بلاک تھنہ منڈی اور بلاک پلانگڑھ میں دو پنچائتوں کو ماڈل ولیج قرار دیا گیاتھالیکن فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے محکمہ دیہی ترقی نے اس وقت تک کوئی بھی کام شروع نہیںکیا۔ بلاک تھنہ منڈی میں پنچایت ڈھوک اور بلاک پلانگڑھ میں پنچایت لاح کو ٹرائبل سب پلان کے تحت سال رواں میں ماڈل ولیج بنانے کا فیصلہ لیاگیاجس پر ماڈل ولیج لاح کے لئے 22لاکھ جبکہ ڈھوک کے لئے 16 لاکھ روپے واگزار کئے گئے۔تاہم اس قلیل سی رقم سے صرف کچھ میٹریل ہی خریدا جاسکااور مزید کام نہ ہوسکا جس کیلئے کروڑوں کی رقم درکار ہے ۔ان دونوں پنچایتوں میں غریب لوگ بستے ہیں اور یہاں تعمیراتی کام بھی نہ ہونے کے برابر ہوئے ہیں ۔ڈھوک اور لاح کے لوگوں کاکہناہے کہ محکمہ دیہی ترقی کو باندھ، کلورٹ، اسکول، کمیو نٹی ہال اور پیدل چلنے کے راستے تعمیر کرنے کے لئے وقت پر فنڈز واگزار کرنے چاہیے تاکہ وقت پر ان کاموںکی تکمیل ہو سکے نہیں تو یہ سب کچھ برائے نام بن کر رہ جائے گا۔ڈھوک کے نثار حسین کاکہناہے کہ علاقے کو ماڈل ولیج قرار دینے سے یہ امید جاگی تھی کہ اب یہاں تعمیروترقی ہوگی لیکن اس وقت تک کوئی بھی کام نہیں ہوا ۔انہوں نے کہا کہ اگر محکمہ نومبر کے پہلے ہفتے میں فنڈز واگزار نہیں کرتا توپھر موسم سرما میں کام نہیں کیاجاسکے گا۔