سرنکوٹ// ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد طارق زرگر نے سرنکوٹ کادورہ کیا جہاں انہوںنے افسران کے ساتھ اجلاس کرنے کے ساتھ ساتھ ان علاقوں کا بھی دورہ کیا جہاں دو روز قبل سیلابی صورتحال سے تباہی مچی تھی ۔انہوںنے ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں افسران کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرکے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا ۔ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت دی کہ بند پڑے ترقیاتی کاموں کو شروع کرکے پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے ۔انہوںنے کہاکہ بفلیاز ۔پھاگلہ ۔منڈی سڑک پر تنازعات کو حل کرکے جلد کام شروع کیاجائے ۔انہوںنے تعمیرات عامہ کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ بند پڑی سڑکوںپر کام شروع کریں جبکہ اسی طرح سے پی ایم جی ایس وائی اور گریف حکام کو ہدایات جاری کی گئیں۔ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی کہاکہ کام معیاری کیاجائے ۔ اس دوران لوگوں نے گریف کے کام کو غیرمعیاری قرار دیتے ہوئے کہاکہ یونیک ہوٹل کے نزدیک بنائی جارہی پلی کاکام معیاری نہیں ہواجس کے نتیجہ میں گزشتہ دنوں ہوئی بارش کا سارا پانی نالے سے لوگوں کے گھروں اور دوکانوں میں داخل ہوگیا جس سے لاکھوں روپے کا نقصان ہواہے ۔انہوںنے کہاکہ اس کام کی وجہ سے پورا سرنکوٹ بازار نالے کی زد میں ہے اس لئے پلی کو اکھیڑ کر اس کو اونچاکیاجائے ۔اس پر ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایاکہ اس سلسلے میں اقدامات کئے جائیںگے اور لوگوں کو نقصان نہیں ہونے دیاجائے گا۔انہوںنے میونسپل حکام کو ہدایت دی کہ وہ غیر قانونی طور پر کھڑی کی گئی تعمیرات کو ہٹائے ۔بعد ازآں موصوف نے بازار اور ان علاقوں کادورہ کیا جہاں گزشتہ دنوں سیلابی صورتحال سے تباہی ہوئی تھی ۔انہوںنے اقبال نگر محلے میں گر جانے والے باندھ کا خود معائنہ کیا اور وہاں دوبارہ سے باندھ تعمیر کرنے کی ہدایت دی ۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ بجلی اور محکمہ پی ایچ ای کو ہدایت دی کہ وہ پانی اور بجلی کی سپلائی میں بہتری لانے کے اقدامات کرے اور سبھی افسران ذمہ داری سے ڈیوٹی سرانجام دیں۔اس دوران ایس ڈی ایم سرنکوٹ ڈاکٹر بشارت حسین انقلابی ،تحصیلدار سرنکوٹ روہت شرماو دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔