راجوری //حد متارکہ پر فائرنگ اور گولہ باری کو دیکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے علاقے کادورہ کیا اور لوگوں کو درپیش مشکلات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔اس دوران پایاگیاکہ منجاکوٹ علاقے میں شدیدفائرنگ اور گولہ باری کی گئی ہے جس کے نتیجہ میں علاقے میں بہت بڑی آبادی متاثر ہوئی ہے ۔ضلع انتظامیہ کے مطابق پنج گرائیں ، راجدھانی اور نائیکہ علاقوں میں ساڑھے چار ہزار سے پانچ ہزار کی آبادی اس کشیدگی سے متاثر ہوئی ہے ۔حالات کو کشیدہ پاتے ہوئے ضلع انتظام یہ نے ان علاقوں میں واقع سبھی سکولوں کو بند کرنے کا حکم جاری کیا جبکہ گورنمنٹ سکول پنج گرائیںسے 120طلباء کو محفوظ مقامات پر منتقل کیاگیا ۔ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ایس ایس پی یوگل منہاس ، اے سی ڈی نور عالم ، اے سی ڈیفنس عبدالقیوم ، سی ای او لعل حسین اور دیگر ا فسران بھی تھے جنہوںنے حد متارکہ کے نزدیکی علاقوں تک پہنچ کر لوگوں کی مشکلات کے بارے میں جانکاری حاصل کی اور متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے اقدامات کئے ۔اس دوران انہوںنے پنج گرائیں میں مقامی لوگوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی جس دوران ڈپٹی کمشنر نے لوگوں کو یقین دلایاکہ حالات خراب ہونے کی صورت میں ان کی نقل مکانی کیلئے انتظامیہ کی طرف سے انتظامات کئے گئے ہیں اور انہیں گھبرانے کی ضرورت نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ان کی خاطر بنیادی سہولیات اور ضروریات زندگی دستیاب رکھی گئی ہیں ۔ دریں اثناء انتظامیہ کی طرف سے سولہ سکولوں کو بند کرنے کا حکم جاری کیاگیاہے ۔ ان سکولوں میں شرمابستی ،کورا پانی ، ننگال ، تڑیالہ ، چکوا، ترتا دھارا ، محل راجدھانی ، کلواترہ محلہ ، لال بیگ ، رپنڈی ،کوٹھے دھار اورچکلی کے پرائمری سکول ،نائیکہ ، کنڈی نکر ، پریالی اور لمبی باری کے مڈل سکول اور ہائی سکول کھوڑی ناڑ و دھر شامل ہیں ۔سکولوں کو بند کرنے کا حکم ڈپٹی کمشنر کی طرف سے فائرنگ اور گولہ باری کی خبریں ملنے کے بعد جاری کیاگیا۔انتظامیہ کے مطابق ایس ڈی پی او منجاکوٹ امتیاز احمد نے حد متارکہ سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے اقدامات کئے جبکہ تحصیلدار محموداحمد نے کیمپو ں میں انتظامات کرائے ۔انتظامیہ کی طرف سے اے سی ڈیفنس اور تحصیلدار کو ہنگامی حالات کی صورت میں نوڈل افسران مقرر کیاگیاہے ۔انتظامیہ نے حد متارکہ کے قریب واقع علاقوں کے لوگوں کو انتباہ جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ گھروں کے اندر ہی رہیں جبکہ فیلڈ افسران کو ان کی حفاظت کیلئے تعینات کیاگیاہے ۔اس دوران انتظامیہ ہائی سکول گھمبیر براہمناں ، ہائراسکینڈری سکول ککورہ ، ہائراسکینڈری سکول منجاکوٹ ، پنچایت گھر اور دیگر جگہوں کو بطور راحت کیمپ استعمال کرنے کیلئے منتخب کیاہے ۔اس کے علاوہ چار ایمبولینس گاڑیوں کو گھمبیر ، پنج گرائیں اور منجاکوٹ روانہ کیاگیاہے جبکہ دو ایمبولینس گاڑیوں کو گھمبیر براہمناں میں رکھاگیاہے۔راحت کیمپوں میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر نے خود بھی ان کیمپوں کا دورہ کیا ۔اس دوران محکمہ صحت ، محکمہ مال ، محکمہ اینمل ہسبنڈری ،شیپ ہسبنڈری ، زراعت اور دیگر شعبہ جات کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو لوگوں کو امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ نقصانات کا جائزہ لیںگی ۔