جموں //نائب وزیر اعلیٰ نے بلاور رام کوٹ میں حکومت کی طرف سے ڈگری کالج قایم کرنے کو اس علاقے کے طلاب کیلئے ایک بیساکھی تحفہ قرار دیا اور کہا کہ حکومت نے جموں صوبے میں چھ نئے ڈگری کالج منظور کئے ہیں اور ان کالجوں کی بدولت علاقے میں اعلیٰ تعلیمی شعبے کو تقویت حاصل ہو گی ۔ ڈاکٹر سنگھ نے ان باتوں کا اظہار رام کوٹ میں ایک بھاری عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست بھر میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو بڑھاوا دینے کیلئے کئی اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے علاقے کیلئے دس ایم وی اے ٹرانسفارمر کا بھی اعلان کیا ۔ اس سے پہلے نائب وزیر اعلیٰ نے بلاور میں بیساکھی میلے کا افتتاح کیا اور لوگوں کو بیساکھی کی مبارکباد دی ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ بیساکھی خطے کا ایک اہم تہوار ہے جس کو سماج کے تمام طبقے مل جُل کر مناتے ہیں ۔ اس موقعہ پر نائب وزیر اعلیٰ نے لڑکیوں میں لاڈلی بیٹی یوجنا کے تحت پاس بُک تقسیم کئے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے اس موقعہ پر مختلف محکموں کی طرف سے لگائے گئے سٹالوں کا بھی معائینہ کیا ۔ اس موقعہ پر ایک رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا گیا ۔ وائس چئیر مین کسان مشاورتی بورڈ دلجیت سنگھ چب بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ انہوں نے لوگوں کو بیساکھی کی مبارکباد دی ۔ تقریب پر مختلف محکموں کے کئی دیگر افسران بھی موجود تھے ۔