چند تشخیصی ٹیسٹوں کی فیس میں اضافہ، میموگرام کیلئے 600روپے ادا کرنا ہونگے مفت کچھ بھی نہیں ملتا، تشخیصی ٹیسٹوں کیلئے کیمیات خریدنے پڑتے ہیں: میڈیکل سپر انٹنڈنٹ سکمز

A view of Sher-I-Kashmir Institute of Medical Sciences (SKIMS) at Soura in Srinagar on Saturday. Excelsior/ Mohd Amin War With Farhat Story

پرویز احمد

سرینگر //شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میدیکل سائنسز صورہ نے تشخیصی ٹیسٹوں کی ریٹ میں اضافہ کرکے غریب مریضوں پر مزید بوجھ ڈال دیا ہے۔

 

 

 

سکمز کے شعبہ کلینکل ہیموٹولوجی میں ہونے والے تشخیصی ٹیسٹوں میں تقریبا 10سے 250 فیصد اضافہ کردیا ہے جبکہ شعبہ ریڈیو ڈائیگناسز میںاب تک مفت ہونے والے میموگرام کیلئے 600روپے ادا کرنے ہونگے۔شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ کی جانب سے 23مئی 2023کو جاری کئے گئے ایک حکم نامہ زیر نمبر SIMS/95(P)of 2023بتاریخ 23/05/2023 میں بتایا گیا ہے کہ اسپتال میں شعبہ ریڈیو ڈائیگناسز میں ہر مریض کا مفت ہونے والا ٹیسٹ میموگرام کیلئے اب فیس جمع کرنے پڑے گی۔ حکم نامہ میں کیا گیا ہے کہ مریضوں کو ایک پستان کی میموگرام کیلئے 300جبکہ دو پستان کے میموگرام کیلئے 600روپے ادا کرنے پڑیں گے۔ حکم نامہ کے مطابق شعبہ کلنیکل ہیمٹولوجی (Clinical Heamatology)میں ہونے والے 8تشخیصی ٹیسٹوں کیلئے لی جانے والی فیس میں 10فیصد سے 50فیصد تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔ حکم نامہ کے مطابق Protien Cکیلئے پہلے صرف 400روپے ادا کرنے پڑتے تھے لیکن اب مریضوں کو 600روپے ادا کرنے پڑیں گے۔ کنیکل ہیمٹولوجی میں ہونے والے Protien Sکیلئے مریضوں کو پہلے 916روپے ادا کرنے ہوتے تھے لیکن اب 1250روپے ادا کرنے ہونگے۔ اسی طرح DRVTTکیلئے 343روپے کے بدلے اب 400روپے ادا کرنے ہونگے۔ اس کے علاوہ Factor V (Laden with APC)کیلئے 200روپے ادا کرنے ہوتے تھے لیکن اس میں 250فیصد اضافہ کرکے 700روپے کردیا گیا ہے۔ حکم نامہ کے مطابق Factor 10کیلئے 476روپے وصول کئے جاتے تھے لیکن اب اس کیلئے غریب مریضوں کو 600روپے ادا کرنے پڑتے ہیں جبکہ Factor 13کیلئے مریضوں سے 1041روپے وصول کئے جاتے تھے لیکن اب مریضوں کو 1300روپے ادا کرنے ہونگے۔ ہیموفیلا مریضوں کیلئے کام آنے والے factor 7کی قیمت 1300 سے1500روپے ،factor8 کی قیمت 1000سے 1500 جبکہ factor 9کی قیمت 700روپے 1500روپے کر دی گئی ہے۔ سکمز صورہ کی جانب سے تشخیصی ٹیسٹوں کی فیس میں اضافہ پر میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق احمد جان نے بتایا ’’ لوگوں کو مفت کی عادتیں اب ختم کرنی چاہئے، مفت کچھ بھی نہیں ملتا ، ہمیں ان پیسوں سے تشخیصی ٹیسٹوں کیلئے کیمیات خریدنے پڑتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت اب مریضوں کو سب کچھ مفت ملتا ہے اور اگر چند تشخیصی ٹیسٹوں کیلئے کچھ قیمت ادا کرنے پڑے گی تو کیا ہوگا۔