پونچھ //بی جے پی پی ڈی پی مخلوط سرکار پر منافرت والے ایجنڈہ پر عمل پیرا ہونے کا الزام لگاتے ہوئے یوتھ نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر اعجاز جان نے اتوار کو کہا کہ مذہبی اورخطہ کے بنیاد پر تفریق کی سیاست سے ریاست کا فرقہ وارانہ خیر سگالی والا ماحول پراگندہ ہو رہا ہے ۔ پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ سرکار اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے لوگوں کے درمیان فرقہ پرستی کے بیج بور رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے جب تمام مثبت سوچ رکھنے والے لوگ سیاسی، مذہبی، علاقائی، تہذیبی اور لسانی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر اس قسم کی منفی سیاست کرنے والے عناصر کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے لوگوں کو ایسے عناصر سے خبر دار رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی اور بی جے پی جیسی جماعتوں کا ایجنڈہ ہی یہی ہے کہ وہ سماج میں تقسیم و تفریق کر کے اپنے حقیر سیاسی مفادات کی آبیاری کریں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور پی ڈی پی ایک ہی سکے کے دو پہلو ہیں اور جموں کشمیر کے لوگوں نے نازک حالات میں بھی فرقہ وارانہ صد قدلی کو قائم رکھ کر اس قسم کی طاقتوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے ۔ نیشنل کانفرنس کو مضبوط بنانے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیخ محمد عبداللہ کی طرف سے شروع کردہ اس تحریک کا بنیادی مقصد ریاسی عوام کے سیاسی مفادات کی نگہبانی اور آپسی بھائی چارے کو ہر حال میں قائم رکھنا ہے ۔ اس موقعہ پر سردار ہر چرن سنگھ خالصہ، بھاگو سائیں راٹھور، اسحاق خان، سید خورشید شاہ، قیوم صوفی، معشوق خان، ظہور خان، ماسٹر شفیع، شوکت شاہ، چودھری شبیر ، آزاد چوہان ، نصیر راٹھور، وزیر محمد تانترے، عبدالا حد بٹ، غلام عباس، عبدالاحد ، نریندر سنگھ تلوار اور دیگر ان بھی موجود تھے۔