جموں/ ماحول کو کثافت سے پاک رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مکانات و شہری ترقی کے وزیر ست شرما نے کہا کہ صفائی مہم میں سرعت لائے جائے گی اور ا س سے ایک باقاعدہ پروگرام کی صورت میں چلائے جائے گا۔وزیر موصوف کلین جموں ۔کلین توی مہم کا آغاز پریڈ گرائونڈ سے شروع کرتے ہوئے ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔مہم تین دِن جاری رہے گی اور اس دوران صفائی اور ماحول کو کثافت سے بچانے کے سلسلے میں کئی جانکاری پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔مہم کا اہتمام جے اینڈ کے پولیس وائیوز ایسوسی ایشن نے کیا تھا۔ ایم ایل اے جموں ایسٹ راجیش گپتا ، چیف سیکرٹری بی بی ویاس ، ڈویژنل کمشنر جموں ہمنت کمار شرما ، ڈی جی پی ڈاکٹر ایس پی وید ، آئی جی پی جموں ایس پی سنگھ، پولیس اور صو بائی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔ست شرما نے کہا کہ صفائی مہم کی کامیابی سے ملک بھر میں لوگوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کا آغاز وزیر اعظم نریندر مودی نے گاندھی جینتی کے موقعہ پر سال 2014ء میں کیا تھا۔وزیر موصوف نے اُمید ظاہر کی کہ اس مہم میں زیادہ سے زیادہ لوگ شامل ہوں گے اور کلین انڈیا مہم کو کامیاب بنائیں گے ۔افتتاحی تقریب کے بعد سرکاری اور نجی سکولوں سے تعلق رکھنے والے لگ بھگ ایک ہزار طلاب نے ایک ریلی نکالی اور ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر صفائی مہم کا پیغام درج تھا۔ وزیر نے مہم کے ایک حصے کے طور پر ایک بائیک ریلی کو بھی ہری جھنڈی دکھائی ۔مہم کے دوسرے دِن باغ بہو میں ایک مصوری کے مقابلے کا انعقاد کیا جائے گا۔12ڈاکٹروں پر مشتمل ایک ٹیم اور ماہرین اس موقعہ پر لوگوں کو صفائی مہم کے بارے میں جانکاری دیں گے۔اختتامی تقریب پولیس آڈیٹیوریم میں ساڑھے پانچ شام منعقد ہوگی جس میں مہم کے دوران بہتر کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات سے نوازا جائے گااور ہیرو فار توی کا امتیازی انعام بھی تقسیم کیا جائے گا۔اس سے قبل پی ڈبلیو ڈبلیو اے کی چیئرپرسن بھارتی وید نے مہم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ۔