سمت بھارگو
راجوری/پونچھ//راجوری اور پونچھ اضلاع میں حالیہ تباہ کن سیلاب نے بجلی کے ترسیلی نظام کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے، جس کے نتیجے میں پورا ضلع پونچھ اور راجوری کا بڑا حصہ گزشتہ کئی گھنٹوں سے اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے۔ بجلی کے ٹرانسمیشن ٹاورز، کھمبوں، تاروں اور ٹرانسفارمروں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچنے سے بحالی کا عمل ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔محکمہ بجلی کے مطابق ضلع پونچھ کو بجلی فراہم کرنے والی 132 کے وی مرکزی ٹرانسمیشن لائن شدید سیلاب کی زد میں آ گئی، جس کے باعث سرنکوٹ کے قریب اہم ٹرانسمیشن ٹاور گر گئے۔ اس واقعے کے بعد پورے ضلع پونچھ میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہو گئی اور تمام شہری و دیہی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔حکام نے بتایا کہ 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن کے تباہ شدہ ٹاورز کی مرمت ایک پیچیدہ اور وقت طلب عمل ہے، جس میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔ خراب موسم اور متاثرہ علاقوں تک رسائی میں دشواری کے باعث بحالی کا کام مزید مشکل ہو گیا ہے۔دوسری جانب ضلع راجوری میں بھی سیلاب سے بجلی کے متعدد فیڈرز متاثر ہوئے ہیں۔ راجوری گرڈ سے منسلک تھنہ منڈی، منجاکوٹ اور کوٹرنکہ فیڈرز بند پڑے ہیں۔ سب سے زیادہ نقصان راجوری۔منجاکوٹ اور راجوری۔تھنہ منڈی فیڈر لائنوں کو پہنچا، جہاں سیلابی ریلے درجنوں بجلی کے کھمبے اپنے ساتھ بہا لے گئے۔راجوری شہر بھی بجلی کے بحران سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔ محکمہ کے مطابق شہر کے 70 فیصد سے زائد علاقے بجلی سے محروم ہیں۔ سیلابی پانی نے متعدد ٹرانسمیشن لائنوں، بجلی کے کھمبوں، گھریلو ٹرانسفارمروں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا یا انہیں بہا دیا، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔محکمہ بجلی کے حکام نے بتایا کہ بحالی کے لیے درکار بیشتر سامان اس وقت راجوری میں دستیاب نہیں ہے۔ ضروری بجلی کے کھمبے، تاریں، انسولیٹرز، ٹرانسفارمرز اور دیگر آلات جموں سے طلب کیے گئے ہیں، جن کے پیر کی صبح تک راجوری پہنچنے کی توقع ہے۔ سامان کی آمد کے بعد مختلف متاثرہ علاقوں میں مرحلہ وار بحالی کا کام شروع کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر راجوری ابھشیک شرما نے کہا کہ سیلاب سے بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے، جس کی وجہ سے بجلی کی بحالی ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔ تاہم ضلعی انتظامیہ اور محکمہ بجلی کی ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں تاکہ کم سے کم وقت میں بجلی کی فراہمی بحال کی جا سکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس غیر معمولی صورتحال میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، کیونکہ تمام متعلقہ محکمے جنگی بنیادوں پر بحالی کے کام میں مصروف ہیں۔