سرینگر //موسم ابرآلودرہنے کی وجہ سے سرینگر میںشبانہ درجہ حرارت میں معمولی بہتری ریکارڈ کی گئی لیکن دن کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے جس سے لوگ ٹھٹھرنے پر مجبور ہوئے۔تاہم سیاحتی مقامات پر شبانہ اور دن میں سردیوںکا قہر جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 31جنوری تک اسی طرح کی صورتحال رہے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سوموار اور منگل کی درمیانی شب سرینگر میں درجہ حرارات منفی 2.4 ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیاجو اس سے قبل کی شب منفی 5.2تھا،اس طرح اس میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے تاہم منگل کو دن کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرات میں گراوٹ دیکھنے کو ملی ۔ترجمان کے مطابق سرینگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرات 5.2ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ جو حالیہ ایام میں دن میں سب سے کم درجہ حرارت رہا۔ سیاحتی مقام گلمرگ میں رات کا درجہ حرات منفی 7.1اور دن کا درجہ حرات منفی 4.0جبکہ پہلگام میں رات کا منفی11ڈگری اور دن کا 1.6ڈگری عبور کر گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ علاقے میں رات کا کم سے کم درجہ حرات منفی 2.8اور دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرات 1.6ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔کپوارہ میں رات کا کم سے کم درجہ حرات منفی 1.4اور دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرات 7.3ڈگری سیلسیش ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ لداخ خطہ بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ شب کرگل میں درجہ حرارت منفی 15.5ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا ۔ ادھر شہر سرینگر سمیت وادی بھر میں سخت ترین ٹھنڈ جاری رہی اور دن کے وقت بھی لوگوں کو آنے جانے میں سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ۔