راجوری//بی جے پی کے سینئر لیڈر و ممبرقانون ساز کونسل ایڈووکیٹ وبودھ گپتا نے کہاہے کہ پہاڑی طبقہ کیلئے شیڈیول ٹرائب کادرجہ بہت جلد حقیقی شکل اختیا رکرے گا ۔ راجوری کے پہاڑی ہوسٹل میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے گپتا نے کہاکہ ریاست اور مرکز کی موجودہ حکومت سماج کے دبے کچلے طبقوں کی فلاح و بہبود کیلئے سنجیدہ ہیں اور پہاڑی طبقہ کے مسائل بھی حل ہوںگے ۔ گپتا نے بتایاکہ بھاجپا کی سرینگر میں ریاستی سطح کی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک سیاسی قرارداد پاس کی گئی اور بہت جلد پہاڑی طبقہ کو شیڈیول ٹرائب کادرجہ ملے گا۔انہوںنے کہاکہ ریاستی حکومت پہلے ہی مرکز کو سفارشا ت پیش کرچکی ہے اور مرکزی حکومت اب اس مسئلے پر غور کررہی ہے تاکہ پہاڑی طبقہ کو یہ درجہ دیاجاسکے ۔انہوںنے کہاکہ امید ہے کہ یہ خواب بہت جلد تعبیر کی شکل اختیارکرے گااور یہ مسئلہ حل ہوجائے گاجس کا موجودہ حکمران اتحاد نے اپنے کم از کم مشترکہ پروگرام میں بھی اعلان کیاہے ۔اس دوران انہوںنے طلباء کے مسائل سنے اور ان میں ملبوسات اور کھیل کود کی اشیاء تقسیم کیں ۔طلباء کی مانگ پر انہوںنے اپنے حلقہ ترقیاتی فنڈز میںسے ہوسٹل کیلئے دو لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا اور کہاکہ یہ رقم وارڈ ن کے پاس رہے گی جو ٹریک سوٹ ، بیڈ شیٹ اور کھیل کود کاسامان خرید کر طلباء کو دیںگے ۔گپتا نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ اپنی پڑھائی پر خصوصی توجہ دیں ۔ان کے ہمراہ اتم گپتا، شہباز خان ، ونودگپتا، کمل بخشی ، نیتا کوچھر ، رنجیت تارا، بلبیر شرما، راج سرپنچ اور سنجے شرما بھی تھے ۔اس دوران پہاڑی ہوسٹل راجوری کے وارڈن بشیر خان نے وبودھ گپتا کا شکریہ ادا کیا ۔