جموں//پٹوار ایسو سی ایشن کی طرف سے اپنے مطالبات کے حق میں آج سے چار روزہ علامتی ہڑتال شروع ہو گئی۔ ایسو سی ایشن کے زعمائوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کے ساتھ کی جانے والی میٹنگیں ناکام رہی ہیں جس کے نتیجہ میں وہ اپنی مانگوں کو منوانے کے لئے ہڑتالی روش اپنانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ ان کا مانگ ہے کہ گریجویٹ پٹواریوں کی گریڈ پے 2400سے بڑھا کر 2800کی جائے، پچھلے چار برس سے پٹواریوں اورگرداوروں کی ڈی پی سی نہیں ہوئی ہے، اس کا انعقاد کیا جائے، نائب تحصیلداروں کی راست بھرتی کا سلسلہ بند کیا جائے، ان کے الائونسوں میں اضافہ کرنے کے علاوہ جن مقامات پر پٹوار خانے تعمیر نہیں ہیں وہاں کرایہ پر عمارتیں مہیا کروائی جائیں ، محکمہ جاتی انکوائری سیل کو فعال بنایا جائے وغیرہ۔ ریاست کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع جموں میں بھی پٹوار ایسو سی ایشن کے پرچم تلے ضلع ترقیاتی کمشنر کے دفتر کے باہر دھرنا دیا گیا جسے ایسو سی ایشن کے عہدیداران سجاد صدیق، شاہ اقبال، رمن راج، کلیم ، محمد فاروق ملک اور دیگران نے بھی خطاب کیا۔