بارہ مولہ+اونتی پورہ// پٹن میں چنار کی شاخ ایک موٹر سائیکل سوار پر گرآنے سے وہ ہلاک ہوا جبکہ سری نگرجموں شاہراہ پر اونتی پورہ کے نزدیک کسی نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار ایک خاتون کوشدیدزخمی کردیا ،جس کے بعدزخمی خاتون کونازک حالت میں سری نگرمنتقل کیاگیا جبکہ پولیس نے حادثے کاموجب بننے والی گاڑی اوراس کے ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ۔شمالی قصبہ پٹن میں سنیچر کو چنار کی ایک شاخ گرنے سے نوجوان موٹرسائیکل سوار لقمہ اجل بن گیا ۔معلوم ہوا ہے کہ یہ حادثہ سنیچر کو اس وقت پیش آیا جب منظور احمد ڈار ساکنہ کرپال پورہ پٹن موٹرسائیکل پر سوار کہیں جارہاتھا اور جب وہ بجلی دفتر پٹن کے قریب پہنچا تو چنار کے درخت کی ایک شاخ اس پر گر گئی جس کے نتیجے میں مذکورہ شخص شدید زخمی ہوگیا۔اس دوران مقامی لوگوں نے موقع پر پہنچ کر اسے زخمی حالت میں اسپتال پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ اسپتال پہنچتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔ بتایا جاتا ہے کہ منظور احمد پولیس میں بحیثیت ایس پی او کام کرتا تھا۔اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کردی۔ سنیچر کودوپہرکے وقت اونتی پورہ کے نزدیک کسی نامعلوم گاڑی نے شاہراہ پرایک خاتون کوٹکر ماردی ،جس کے نتیجے میں خاتون زخمی ہوگئی جبکہ ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہوگیا۔زخمی خاتون راشدہ بانو ساکنہ واندک پورہ پلوامہ کونزدیکی اسپتال پہنچانے کے بعدیہاں سے نازک حالت میں سری نگرمنتقل کیاگیا ۔اونتی پورہ پولیس نے اس حوالے سے معاملہ درج کرکے خاتون کوٹکر مارنے والی گاڑی اورمفرورڈرائیورتلاش شروع کردی ۔(مشمولات کے این ایس)