پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں مختلف مقامات پر پانی کی پائپ لائن ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس کی وجہ سے ہر روز ہزاروں لیٹر پانی بہہ کر ضائع ہو رہا ہے اور کئی محلہ جات میں لوگوں کو پانی کی بوند بوند کے لئے ترسنا پڑرہا ہے۔پونچھ کی غیر سرکاری تنظیم سماج سیوا سوسائٹی کے چیئرمین یوگل کشور شرما نے اس حوالے سے محکمہ جل شکتی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پونچھ میں کئی مقامات پر پانی کی پائپ لائن ٹوٹی ہوئی ہے جن سے نہ صرف پانی بہہ کر ضائع ہو رہا ہے بلکہ ان ٹوٹی ہوئی پائیپوں سے گندگی بھی لوگوں کے گھروں تک پہنچ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پونچھ میںخراب اور ٹوٹی ہوئی پائپ لائنیں اپنے ساتھ نقصان دہ ذرات لے جاتی ہیں اور وہی پانی لوگ پیتے ہیں جو بہت سی بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ کووڈ 19 نے عام لوگوں کی صحت کو بہت نقصان پہنچایا ہے اور اب محکمہ پی ایچ ای کی لاپرواہی کے نتیجہ میںبھی لوگوں کو مزید نقصان ہو سکتا ہے۔انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ ضلع میں مین پائپ لائنیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور محکمہ جل شکتی غفلت کی نیند سو رہا ہے ۔انھوں نے مطالبہ کیاکہ محکمہ کو ایسی پائپ لائنوں کا خیال رکھنا چاہیے اور جلد از جلد ان کی مرمت کرانی چاہئے۔انھوں نے مزیدکہا کہ اگر محکمہ پانی کے بل وصول کر رہا ہے تو پائپ لائن کے نظام کا خیال کیوں نہیں رکھتا۔انھوں نے ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ متعلقہ محکمہ کے افسران کو خراب شدہ پائپ لائنوں کی مرمت کرنے کی ہدایت کریں۔