پونچھ//عید غدیر کے موقعہ پر پونچھ میں مختلف امام بارگاہوں میں اور مساجد میں محافل کا اہتمام کیا گیا۔ اس حوالے سے امام بارگاہ پونچھ میں محفل منعقد کی گئی جس میں مومنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ اس موقعہ پر ایس ایس پی پونچھ راجیو بانڈے اور ڈی وائی ایس پی شاہد نعیم نے بھی شرکت کی۔محفل کا آغاز باضابطہ تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد نعت و منقبت اور قصائد کا نذرانہ محبوب حسین ونتو، عابد حسین صفوی، ابرار نقوی، مقبول حسین قلی،انتظار حسین صوفی اور انور حسین ونتو نے پیش کئے۔ اپنے خطاب میںمولانا سید سجاد حیدر قمی نے کہا کہ مولائے کائنات حضرت علی ابن ابیطالب کو سرور دو عالم حضرت محمد مصطفی ؐ نے اپنی حیات میں ہی اپنا جانشین مقررکیا تھا۔انہوں نے کہاکہ اپنے آخری حج سے واپس لوٹتے وقت میدان خم کے مقام پر جہاں سے حاجی اپنے اپنے گھروں کی جانب جاتے ہیں ،وہاں پر سرکار دوعالم نے اصحاب سے فرمایا کہ جو لوگ آگے بڑھ گئے ہیں انہیں واپس بلایا جائے اور جو لوگ ابھی پیچھے ہیں ان کا انتظار کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ جب تمام لوگ میدان غدیر میں یکجا ہوگئے تو سرورکائنات حضرت محمد مصطفی ؐ نے اونٹوں کے کجائوں کا ایک ممبر بنوایا اور اس پرسوارہو کر امام علی ؑکو اپنے ہاتھوں پر بلند کیااور حاجیوں کو خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جس جس کا میں مولا ہوں، اس اس کے یہ علیؑ مولا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد تین روز تک لگاتار لوگ مولائے کائنات کو مبارک باد پیش کرتے رہے۔مولانانے اپنے خطاب کے دوران برماء میں مسلمانوں کے قتل عام پر افسوس کا اظہار کر تے ہوئے انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ برمی مسلمانوں کی مدد کر کے ان کا قتل عام بند کروائیں۔ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے نے بھی خطاب کرتے ہوئے تمام شرکا کو اس دن پر مبارک باد پیش کی۔اس دوران نظامت کے فرائض محمد جعفر بٹ نے انجام دیئے۔ عید غدیرکے موقعہ پر امام بارگاہ منڈی،امام بارگاہ پلیرہ، امام بارگاہ سرنکوٹ،مسجد فاطمہ الزھراسلام اللہ علیھاحسین آباد گورسائی نالہ، مکتب امامیہ پنیالی، مکتب امامیہ موہری گورسائی،امام بارگاہ مینڈھر میں بھی جشن غدیر کے عنوان سے محافل کا اہتمام کیا گیا۔